عمران خان ناممکن کو ممکن کر کے حکومت میں آئے: فردوس عاشق

      عمران خان ناممکن کو ممکن کر کے حکومت میں آئے: فردوس عاشق

  



اسلام آباد(نیوزایجنسیاں)وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات فردوس عاشق نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان ناممکن کو ممکن کر کے حکومتی ایوانوں میں آئے،نظام کو تبدیل کرنے پر مزاحمت ہوتی ہے،شہریوں کو علاج کی سہولت فراہم کر نے حکومت کی ذمہ داری ہے،مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ریلیف پروگرام حکومت کی اولین ترجیح ہے،میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنیوالے کو اپنے مقصد کو نہیں بھولنا چاہیے۔ اتوار کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس نے کہاکہ میرا تعارف سماجی کارکن کا ہے جس پر مجھے فخر ہے، میں سیاست میں روزگار اور کاروبار کیلئے نہیں آئی،عمران خان ناممکن کو ممکن کر کے حکومتی ایوانوں میں آیا۔انہوں نے کہاکہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو علاج کی سہولت فراہم کرے،مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ریلیف پروگرام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنیوالے کو اپنے مقصد کو نہیں بھولنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ طبی شعبے سے وابستہ ہرفرد کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت ہونا چاہیے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ وزیراعظم نے ملک کے ہیلتھ سیکٹر کو تبدیل کرنے کا آغاز کیا ہے،انہوں نے کہاکہ ہیلتھ سیکٹر کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ نظام کو تبدیل کرنے پر مزاحمت ہوتی ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ طب کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی طرف گامزن ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ احتیاط علاج سے بہتر ہے، حفظان صحت کے اصول اپنا کر بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں ادویات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔دوسری طرف فردوس عاشق کا کہنا ہے کہ عمران خان کا دامن صاف ہے، انہیں احتساب کا کوئی خوف نہیں اور سب سے بڑی عدالت نے انہیں صادق اور امین قرار دیا ہے۔دو روز قبل حکومت نے نیب آرڈیننس میں ترمیم کا مسودہ وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظور کرانے کے بعد صدر سے بھی اس کی منظوری لے لی تھی۔گزشتہ روز وزارت قانون نے نیب ترمیمی آرڈیننس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا جسے قومی احتساب دوسرا ترمیمی آرڈیننس 2019 ء کا نام دیا گیا ہے۔اپوزیشن کی تنقید پر جواب دیتے ہوئے فردوس نے نے اپنے بیان میں کہا کہ آرڈیننس کے تحت دیانتدار پبلک آفس ہولڈرز بلا خوف و خطر عوامی مفاد میں فیصلے کر سکیں گے اور اپنی قانونی ذمہ داریاں انجام دیں سکیں گے، اس سے گورننس مزید فعال، معیشت مستحکم اور تجارتی ماحول ساز گار ہو گا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کا کرپشن کے خلاف جہاد بھرپور قوت سے جاری ہے، نیب کا کام میگا کرپشن اسکینڈلز کے خلاف کارروائی عمل میں لانا ہے اور یہ کام نیب اور بھی زیادہ قوت سے انجام دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے سرکاری ملازمین کے خلاف ضرور کارروائی ہو گی جنہوں نے طریقہ کار کی غلطیوں یا محکمانہ نقائص سے ذاتی مفادات حاصل کئے ہوں گے، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اثاثہ جات میں بے پناہ اضافہ کرنے والے پبلک آفس ہولڈرز کارروائی سے ہرگز مبرا نہیں ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئے روز نیب کے خلاف محاذ کھولنے والے لیگی ترجمانوں کا نیب ترمیمی آرڈیننس پر سیاست کرنا افسوسناک ہے۔ نیب پر گرجنے برسنے والوں کا نیب آرڈیننس پڑھے بغیر سیاست کرنا شرمناک ہے،انہوں نے کہا کائرہ صاحب!پرویز مشرف سے این آر او لینے اور حلف اٹھانے والوں کے منہ سے چلتا کرنے کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دامن صاف ہے، انہیں احتساب کا کوئی خوف نہیں، سب سے بڑی عدالت نے انہیں صادق اورامین قرار دیا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان کے بدترین سیاسی مخالف بھی ان پر کرپشن کا الزام لگانے میں ناکام رہے اور رہیں گے۔

فردوس عاشق 

مزید : صفحہ اول


loading...