اوپن ایئر تھیٹر باغ جناح میں آج سے پنجاب لوک میلہ شروع ہوگا

اوپن ایئر تھیٹر باغ جناح میں آج سے پنجاب لوک میلہ شروع ہوگا

  



لاہور(پ ر)محکمہ اطلاعات و ثقافت اور پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتما م پنجاب کا سب سے بڑا 7 روزہ لوک میلہ اوپن ایئر تھیٹر باغ جناح میں منعقد ہورہاہے - لوک میلے میں 100 سے زائد فنکار اور 9 آرٹس کونسلز پر فارم کریں گی- میلے کا افتتاح 30 دسمبر کو ہوگا جو 5 جنوری تک جاری رہے گا جس میں داخلہ بالکل مفت ہوگا - میلے میں روزانہ 34 علاقائی فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ تفریحی سرگرمیاں اور گرینڈ میوزیکل نائٹس بھی میلے کا حصہ ہوں گی -یہ بات پنجاب آرٹس کونسل کے ترجمان نے بتائی - انہو ں نے بتایاکہ پنجاب لوک میلے میں ممتاز شاعر، گلوکار، فنکار جن میں انورمسعود، حامد علی خان، ندیم عباس لونے والا، ملکو، شیر میانداد، روبی ریشماں، نوراں لعل، راگا بوائز، ندا فیض، افشاں، زیبی اور ملک کے دیگر نامور فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے - ترجمان نے بتایاکہ بچو ں کیلئے روزانہ صبح 10 بجے سے 12.00 تک پتلی تماشا اور میجک شو منعقد ہوں گے -اسی طرح علاقائی رقص و گلوکاری کے شوز دن 12.00 بجے سے شام چھ بجے تک ہوں گے -میلے میں دستکاری نمائش کے ساتھ ساتھ فوڈ سٹالز بھی لگائے جائیں گے -ترجمان نے مزید کہاکہ ملتان اور ساہیوال آرٹس کونسل کی جانب سے 30 دسمبر کو شام چھ بجے سے رات آٹھ بجے تک گرینڈ میوزیکل نائٹ ہوں گی -31 دسمبر کو شام چھ سے 8 بجے تک پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام گرینڈ صوفی نائٹ منعقد ہوگی - یکم جنوری کو فیصل آبادآرٹس کونسل کی جانب سے گرینڈ میوزیکل نائٹ، 2 جنوری کو پنجاب کونسل آف دی آرٹس لاہور کی جانب سے گرینڈ غزل نائٹ، 3 جنوری کو ڈی جی خان اور بہاولپور آرٹس کونسلز کی جانب سے گرینڈ محفل مشاعرہ اور میوزیکل نائٹ، 4 جنوری کو راولپنڈی اور سرگودھا آرٹس کونسلز کے زیر اہتما م گرینڈ میوزیکل نائٹ اور 5 جنوری کو گوجرانوالہ آرٹس کونسل اور لاہور آرٹس کونسل کی جانب سے گرینڈ صوفی نائٹ اور فوک میوزک پیش کیاجائے گا -

مزید : کلچر