پنجاب میں بنائے جانیوالے خصوصی صنعتی مراکز گیم چینجر ثابت ہونگے: اسلم اقبال
لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں 10 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر جدید ترین سپیشل اکنامک زونز بنارہی ہے اوریہ خصوصی صنعتی مراکز صوبے کی معاشی ترقی کے حوالے سے گیم چینجر ثابت ہوں گے -ان سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو دس سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ حاصل ہوگی اوردرآمد کی گئی مشینری پر کوئی ٹیکس نہیں لیاجائے گا -جنوبی پنجاب میں ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی انڈسٹریل سٹیٹ بنائی جارہی ہے - اس میں مزید توسیع بھی کی جائے گی -لیہ اور مظفرگڑھ کے اضلاع میں بننے والی پاکستان کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹس خطے کی تقدیر بدل دے گی -صوبائی وزیر نے ان خیالات کااظہار اپنے کیمپ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا- صوبائی وزیر نے کہاکہ فیصل آباد میں 45سو ایکڑ رقبے پر ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ بن چکی ہے اور یہاں ایک ارب ڈالر سے زائد کے صنعتی یونٹ لگ چکے ہیں جبکہ ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوچکے ہیں - سی پیک کے تحت فیصل آباد میں 35 سو ایکڑ رقبے پر پہلا ترجیحی صنعتی زون بنایاجارہا ہے جس کا افتتاح جنوری کے پہلے ہفتے میں کیاجائے گا اور اس سپیشل اکنامک زون میں ہونے والی سرمایہ کاری سے چار لاکھ 42 ہزار روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے -انہو ں نے کہاکہ ساڑھے9 ارب روپے کی لاگت سے چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ کا پروگرام جلد شروع کیاجارہاہے -اس پروگرام کے تحت چھوٹی صنعتوں کیلئے آسان قرضے دیئے جائیں گے -ہنر مند نوجوانو ں کو اپنا روزگار شروع کرنے کیلئے ایک سے 30لاکھ روپے تک کے آسان قرضے دیئے جائیں گے اور قرضے کے اس پروگرام میں خواتین کو خصوصی مراعات دی جائیں گی -انہو ں نے کہاکہ شیخوپورہ اور ٹیکسلا میں ہنر مند افراد کے صنعتی قصبے قائم کردیئے گئے ہیں جبکہ دستکاری کے فن کو فروغ دینے کے لئے مزید 6 صنعتی قصبے بنائے جائیں گے -انہو ں نے کہاکہ صنعتی اشیاء کی فروخت کے لئے آن لائن پورٹل بھی بنایاگیاہے جبکہ سرمایہ کاروں کی آسانی کیلئے ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے -
اسلم اقبال