کراچی موسم سرما، گیس پریشر میں کمی، عوام کی مشکلات میں اضافہ، لیاری میں سپلائی بند 

کراچی موسم سرما، گیس پریشر میں کمی، عوام کی مشکلات میں اضافہ، لیاری میں ...

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں گیس کے شارٹ فال کے باعث گھریلو صارفین کو گیس کی کمی سامنا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند ہے۔دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں 12 گھنٹے بعدسی این جی اسٹیشن کوایک بار پھر گیس کی سپلائی معطل کردی گئی،سوئی سدرن گیس حکام نے منگل سے صنعتی شعبے کی آر ایل این جی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سرد موسم اور اس موسم میں گیس پریشر میں کمی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیاہے، کراچی کے کئی علاقوں میں گیس کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔گھریلو صارفین کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 10 روز سے گیس کی فراہمی بند ہے جس کے باعث گھریلو صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔متاثرہ علاقوں میں چاکیواڑہ، نیا آباد، کھڈا مارکیٹ، کھارادر شامل ہیں جبکہ ملیر، گلشن اقبال، ناظم آباد، شاہ فیصل کالونی میں بھی دن کے اوقات میں گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے۔کراچی سمیت سندھ بھر میں آئندہ 12 گھنٹے کیلیے سی این جی اسٹیشن کھول دیئے گئے  تاہم اتوارکی شب7بجے ایک بار پھرگیس کی سپلائی معطل کردی گئی۔ایس ایس جی سی حکام کے مطابق ایس ایس جی سی کے سسٹم میں معمولی بہتری کے بعد اتوارکی صبح 7 بجے سے کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشن کھول دیئے گئے ہیں، 6 دن کی بندش کے بعد سی این جی اسٹیشن کھلنے کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ترجمان ایس ایس جی سی نے بتایا کہ سندھ بھر میں تمام سی این جی اسٹیشنز کو پیر، بدھ اور جمعہ کی صبح 8 بجے سے آئندہ 24 گھنٹے کے لئے گیس سپلائی بند رہے گی۔ دوسری جانب صارفین کا کہنا ہے کہ معمولی سردی کے بعد ہی گیس پریشر انتہائی کم ہوجاتا ہے، حکومت اس کے سدباب کیلیے مکمل منصوبہ بندی کیساتھ اقدامات اٹھائے۔دریں اثناء سوئی سدرن گیس کمپنی نے منگل سے صنعتی شعبے کی آر ایل این جی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصلہ گیس فیلڈ سے سپلائی کی بحالی اور آر ایل این جی میں اضافے کے بعد کیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ دسمبر 2018 میں گھریلو شعبے کو اوسطا150 ایم ایم سی ایف ڈی آرایل این جی فراہم کی گئی جب کہ رواں سال دسمبر کیآخری ہفتے میں 500 ایم ایم سی ایف ڈی سے تجاوز کر گئی۔سوئی گیس حکام کے مطابق ترجیحی شعبوں کوگیس فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر