بھارتی مسلمانوں پر مظالم کی انتہا ہوگئی ہے،ڈاکٹر سلیم حیدر

  بھارتی مسلمانوں پر مظالم کی انتہا ہوگئی ہے،ڈاکٹر سلیم حیدر

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے سندھ کے مہاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت میں مسلمانوں پر کئے جانے والے مظالم پر اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری سمیت بین الاقوامی بااثر شخصیات کو خطوط ارسال کریں جن میں بھارتی مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے اور پاکستان سمیت عالم اسلام کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ بھارتی ظلم اور بربریت کے آگے مسلمان ڈٹے ہوئے ہیں لیکن بدقسمتی سے مسلمان ممالک کی بے حسی اور ہٹ دھرمی ختم نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کی وحشیانہ سوچ اور مسلمان دشمنی کھل کر سامنے آگئی ہے، ایک طرف بھارتی فورس اور دوسری جانب آر ایس ایس کے دہشت گرد غنڈے مسلمان نوجوان مرد و خواتین کو تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں، ان کا قتل عام کیا جارہا ہے، گھر وں میں گھس کر خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے، مسجد، درگاہ، مدارس اور تعلیمی ادارے بھی بھارتی حکمرانوں کی دہشت گردی اور بربریت سے محفوظ نہیں ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو کشمیر کے بعد بھارت میں مسلمانوں کا جینا دوبھر ہوجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ 52 اسلامی ملکوں کے ہوتے ہوئے بھارت کے مسلمان اس قدر بے بس او رمجبور کردیئے گئے ہیں کہ اب انہیں معاشی، سیاسی اور اقتصادی طورپر امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ مسلمان نوجوانوں پر بھارت میں تعلیم کے دروازے بند کئے جارہے ہیں۔ انہیں جبری اپنے ملک سے بیدخل کرکے ہندو ازم کو جبراً مسلط کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ MIT بھارت میں موجود اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ ہے، حکومت پاکستان سفارتی اور سیاسی طورپر بھارتی مسلمانوں کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر