ذہین طلبہ و طالبات کسی بھی تعلیمی ادارے کا سرمایہ ہوتے ہیں، فائز امیر

ذہین طلبہ و طالبات کسی بھی تعلیمی ادارے کا سرمایہ ہوتے ہیں، فائز امیر

  



 اسلام آباد (این این آئی)ایئریونیورسٹی کے وائس چانسلر ایئر وائس مارشل (ریٹائرڈ) فائز امیر نے کہا ہے کہ ذہین طلبہ و طالبات کسی بھی تعلیمی ادارے کا سرمایہ ہوتے ہیں، ایئر یونیورسٹی کو اپنے ان تمام گریجویٹس پر فخر ہے جو قومی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کاا ظہار ایئرایلومینائی ہوم کمنگ ری یونین کی تقریب کے موقع پر کیا۔ رواں برس سالانہ تقریب کی نمایاں خصوصیت ایئر ایلومینائی نیٹ ورک کی نومنتخب کابینہ کے اعزاز میں حلف برداری کا اہتمام تھا۔ ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور چیئرمین ایئر ایلومینائی نیٹ ورک فائز امیر نے نومنتخب عہدے داران کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایئر ایلومینائی نیٹ ورک کے قیام کا بنیادی مقصد فارغ التحصیل طلبا و طالبات کے مابین نالج شیئرنگ، پروفیشنل نیٹ ورکنگ اور کیریئر بلڈنگ کیلئے بہترین مواقع تلاش کرنا ہے،ایئر یونیورسٹی اور انڈسٹری سے مستحکم پیشہ ورانہ روابط کا فروغ بھی ترجیحات میں شامل ہے، انہوں نے نومنتخب کابینہ اراکین کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کیلئے فرض شناسی اور ایمانداری سے جدوجہد کرنے کی بھی تلقین کی۔تفصیلات کے مطابق اسٹوڈنٹس افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام ایلومنائی الیکشن میں شاہین پینل کے محمد صرم دستگیر واضح اکثریت سے صدر کا الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں، انہوں نے اپنے خطاب میں تمام الومنائی کو ایک ساتھ لیکر چلنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا،دوسری طرف مخالف پینل کے صدارتی امیدوار حنان اختر نے اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پینل کی جانب سے فاتح امیدواران کو کھلے دل سے مبارکباد پیش کی ہے۔سیکرٹری الیکشن کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ انتخابی نتائج کے مطابق دیگر فاتح امیدواران میں جنید ضمیر ملک، حسان صفدر ملک، عروج رانا، محمد حمزہ، مدیحہ خان، سرمد لودھی اور عبدلاحد شامل ہیں جبکہ نومنتخب تنظیم یکم جنوری سے چارج سنبھال لے گی۔ ایئر یونیورسٹی کی سالانہ الومنائی تقریب کے موقع پر گیمنگ شو،لکی ڈرا،سکائی لینٹرن،موسیقی اور دیگر سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا جس سے شرکاء کی کثیر تعداد خوب محظوظ ہوئی۔

فائز امیر 

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...