’بطور گاہک رضوان صاحب ہمیں دکھانے کیلئے لے کر گئے تھے ‘ حریم شاہ نے فیاض الحسن چوہان کی کال بھی لیک کردی

’بطور گاہک رضوان صاحب ہمیں دکھانے کیلئے لے کر گئے تھے ‘ حریم شاہ نے فیاض ...
’بطور گاہک رضوان صاحب ہمیں دکھانے کیلئے لے کر گئے تھے ‘ حریم شاہ نے فیاض الحسن چوہان کی کال بھی لیک کردی

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)متنازعہ ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کی جانب سے پاکستانی سیاستدانوں کی آڈیو اور ویڈیوز لیک کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں نیا اضافہ فیاض الحسن چوہان کا ہوا ہے۔

حریم شاہ کی جانب سے اب صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی واٹس ایپ کال کی آڈیو لیک کی گئی ہے۔ اس میں فریقین کو مبشر لقمان کے جہاز کے تنازعے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ حریم شاہ اس کال میں صوبائی وزیر کو یہ یقین دہانی کرانے کی کوشش کر رہی ہیں کہ  میڈیا ان کے منہ سے فیاض الحسن چوہان کا نام اگلوانا چاہتا ہے لیکن وہ میڈیا کے سامنے ان کا نام نہیں لے رہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اینکر پرسن مبشر لقمان نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے ذاتی جہاز میں صندل خٹک اور حریم شاہ نے چوری کی تھی۔

لیک واٹس ایپ کال میں فیاض الحسن چوہان کو حریم شاہ سے یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’ آپ یہ صندل کو بھی سمجھا دیجیے گا ، آپ نے میڈیا پر بالکل نہیں آنا، یہ بہت تیز ہوتے ہیں، لاہور رنگ کا وہ الو کا پٹھا، وہ بے غیرت اس کا (مبشر لقمان کا)ٹاﺅٹ ہے۔‘

فیاض الحسن چوہان کو لاہور رنگ کے اینکر کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے حریم شاہ نے کہا ’ کوئی بھی اگر آپ کا نام لیتا ہے تو ہم اس کو انسلٹ کرتے ہیں، لاہور رنگ والے کو پھر ہم نے کتنا ذلیل کیا ہے ، لاہور رنگ والے کے ساتھ اب میں کروں گی، وہ کہتا ہے کہ آپ کو فیاض الحسن چوہان نے بھیجا ہے، میں نے کہا کہ ٹھرکی مبشر لقمان ہے، خود اس نے ہمیں بھیجا ہے اور خود ہی ہمیں نمبر دیا ہے۔‘

گفتگو کے دوران فیاض الحسن چوہان ایک بار پھر لاہور رنگ کے اینکر کو برا بھلا کہتے ہیں اور حریم شاہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہتے ہیں ’ یہ 2 نمبر لڑکا ہے، اس نے مبشر لقمان کے ساتھ پروگرام کیا ہے ، اب آپ نے احتیاط کرنی ہے، ٹی وی چینلز کے اینکرز کے اپنے اپنے بندے ہیں، آپ نے بالکل اس پر کوئی بات نہیں کرنی، کچھ کرنا ہی نہیں ہے ، آپ نے میڈیا پر جانا ہی نہیں ہے۔‘

حریم شاہ آگے سے کہتی ہیں ’ اب بات ہی نہیں کرتے ، مبشر لقمان کوہی ذلیل کریں گے، دیکھ لینا، اتناذلیل کروں گی ناں، آپ کا نام بھی نہیں لیں گے۔‘

فیاض الحسن چوہان ایک بار پھر سے گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے کہتے ہیں ’ آپ نے یہ کہنا ہے کہ بطور گاہک رضوان صاحب ہمیں دکھانے کیلئے لے کر گئے تھے کیونکہ ہماری خواہش تھی کہ یار یہ ۔۔۔‘

حریم شاہ اور فیاض الحسن چوہان کے مابین یہ ٹیلی فون کال 4 منٹ 45 سیکنڈ سے زائد طویل چلتی رہی لیکن اس میں سے تقریباً 2 منٹ کی گفتگو لیک کی گئی ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس


loading...