وزیر اعظم نے خواجہ سراؤں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کردیے

وزیر اعظم نے خواجہ سراؤں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کردیے
وزیر اعظم نے خواجہ سراؤں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کردیے

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ خواجہ سراﺅں کو معاشرے کے اندر مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، نیب آرڈیننس اس لیے لایا گیا ہے تاکہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور نوجوانوں کو نوکریاں مل سکیں۔

خواجہ سراﺅں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت خواجہ سراﺅں کو اپنا رہی ہے، پاکستان ایک عظیم خواب کا نام ہے اور وہ خواب یہ ہے کہ ہم نے یہاں بہترین انسانیت کا نظام دینا تھا ، بدقسمتی سے ہماری گزشتہ حکومتوں نے اس معاملے میں وہ کردار ادا نہیں کیا جو کرنا چاہیے تھا۔مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود ہم نے اپنے کمزور طبقے کو ہیلتھ کارڈ دینے کا فیصلہ کیا ۔ہم خواجہ سراﺅں کو معاشرے کے اندر مکمل تحفظ فراہم کریں گے اور غلط رویے ختم کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے 2020 میں 2 کام کرنے ہیں۔ پہلا تو کاروباری مواقع کے ذریعے روزگار کی فراہمی اور دوسرا احساس پروگرام کا دائرہ کار بڑھانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نیب آرڈیننس لانے کا مقصد یہ ہے کہ لوگ سرمایہ کاری کریں اور نوجوانوں کو نوکریاں ملیں۔وہ نوجوانوں کو اور زیادہ قرضے دے رہے ہیں تاکہ وہ اپنے کاروبار شروع کرسکیں تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کمزور طبقے کیلئے احساس پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے لگے ہیں، اگلے مہینے سے یوٹیلٹی سٹورز میں سستی اشیائے خورو نوش فراہم کریں گے۔ کمزور طبقے کو راشن کارڈ فراہم کریں گے تاکہ وہ اس کے ذریعے کھانے کی اشیاءحاصل کرسکیں۔ ملک میں مزید لنگر خانے کھولیں گے جس کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان میں کوئی بھوکا نہ رہے۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی