عمر اکمل کی ڈبل سنچری اور بلال آصف کی شاندار باﺅلنگ، سینٹرل پنجاب قائداعظم ٹرافی کی چیمپین بن گئی

عمر اکمل کی ڈبل سنچری اور بلال آصف کی شاندار باﺅلنگ، سینٹرل پنجاب قائداعظم ...
عمر اکمل کی ڈبل سنچری اور بلال آصف کی شاندار باﺅلنگ، سینٹرل پنجاب قائداعظم ٹرافی کی چیمپین بن گئی

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کی ڈبل سنچری اور بلال آصف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت سینٹرل پنجاب نے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں ناردرن کو اننگز اور 15رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے رورز ناردرن نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 109رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئےمزید 312رنز درکار تھے۔حیدر علی اور فیضان ریاض نے پراعتماد طریقے سے دن کا آغاز کیا اور تیسری وکٹ میں 70رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس موقع پر بلال آصف نے فیضان کی 22رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

دوسرے اینڈ پر موجود حیدر نے اپنی سنچری مکمل کی اور روہیل نذیر کے ساتھ مل کر مجموعی سکور 241تک پہنچا دیا لیکن اسی مرحلے پر 134رنز کی اننگز کھیلنے والے بلے باز ہمت ہار گئے، ان کی اننگز میں 22 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔چار وکٹیں گرنے کے بعد روہیل نذیر اور علی سرفراز نے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا اور پانچویں وکٹ کیلئے 95رنز جوڑ کر اننگز کی شکست کے خطرے کو ٹالنے کی کوشش کی لیکن احسان عادل نے روہیل نذیر کو بھی 70 کے انفرادی سکور پر آﺅٹ کر دیا۔

علی سرفراز اور حماد اعظم نے مزید 64رنز جوڑ کر ٹیم کو 400 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ناردرن کی ٹیم باآسانی اننگز کی شکست سے بچنے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن بلال کے تباہ کن سپیل نے ان کے امیدوں کو خاک میں ملا دیا۔

آف سپنر کی عمدہ باؤلنگ کے سبب ناردرن کی ٹیم مزید 5 رنز کے اضافے سے چاروں وکٹیں گنوا کر 405رنز پر ڈھیر ہو گئی اور سینٹرل پنجاب اننگز اور 16رنز سے کامیابی سمیٹ کر چیمپیئن بن گئی۔ سینٹرل پنجاب کی جانب سے بلال آصف نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 112 رنز کے عوض 8وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ ناردرن کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 254 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں عمر اکمل کی ڈبل سنچری کی بدولت سینٹرل پنجاب نے 675رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ڈبل سنچری بنانے والے عمر اکمل اور 8وکٹیں لینے والے بلال آصف کو مشترکہ طور پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔38 وکٹوں کے ساتھ ساتھ ایونٹ میں 458 رنز بنانے پر ظفر گوہر کو قائد اعظم ٹرافی 2019 کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزید : کھیل


loading...