پی ایس ایل کی تیاریاں سست روی کا شکار مگر کیوں؟ مداحوں کیلئے تشویشناک خبر آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کی تیاریوں میں سست روی کے باعث فرنچائزز پریشانی کا شکار ہیں جبکہ بعض ٹیموں کی جانب سے فیس ادا نہ کرنے کے علاوہ لیگ کے شیڈول کو حتمی شکل نہ دینے کے باعث مداح بھی اضطراب کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایونٹ کے آغاز میں اب دو مہینوں سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے مگر تاحال شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی اور ذرائع اس کی وجہ غیر جانبدار ماہرین کی ایک رپورٹ کے انتظار کو قرار دے رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مجوزہ پروگرام کے مطابق افتتاحی تقریب20 فروری 2020ءکو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہو گی جبکہ 22 مارچ کو فائنل کیلئے قذافی سٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب تاحال بعض ٹیموں نے فیس ادا نہیںکی جبکہ چوتھے ایڈیشن کو تقریباً 10ماہ گزرنے کے باوجود بورڈ کی جانب سے بھی حسابات کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی جس کی وجہ سے فرنچائزز کو آمدنی میں سے حصہ نہیں ملا اور ایک اہم سٹیک ہولڈر کی جانب سے ادائیگی میں تاخیر کو اس کا سبب قرار دیا جا رہا ہے البتہ31 دسمبر تک یہ مسئلہ حل ہونے کی توقع ہے۔
پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 5کے شیڈول کا اعلان3،4 دن میں کر دیا جائے گا لیکنک بعض فرنچائزز کی جانب سے فیس کی عدم ادائیگی اور چوتھے ایڈیشن کے اکاؤنٹس فائنل نہ ہونے انہوں نے تبصرے سے معذرت کر لی۔