کرپشن الزامات، ڈی جی کے ڈی اے سمیت تین افراد گرفتار
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ڈی جی کے ڈی اے) سمیت تین افراد کو محکمہ اینٹی کرپشن نے نسلہ ٹاور کیس میں گرفتار کرلیا۔
اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گلستان جوہر اور کورنگی میں زمین پر قبضے کے معاملے پر تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں ڈی جی کے ڈی اے آصف میمن اور ایڈیشنل ڈائریکٹر انڈسٹریز عاطف لمبا بھی شامل ہیں۔ ڈی جی کے ڈی اے سے متعلق حکومت کو کئی شکایات موصول ہوئی تھیں، محکمہ اینٹی کرپشن مزید پہلوؤں پر تفتیش کر رہا ہے۔
دوسری جانب نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ڈی جی کے ڈی اے کو نسلہ ٹاور کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کیس میں محکمہ اینٹی کرپشن کو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے رکھا ہے جس کے بعد پولیس نے بھی کئی مقامات پر چھاپے مارے تھے۔