قومی سلامتی وخود مختاری معیشت سے جڑی ہے، فائق شاہ

قومی سلامتی وخود مختاری معیشت سے جڑی ہے، فائق شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے قومی سلامتی کے اجلاس اور اعلامیہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کو دیر بعد سمجھ آتی ہے کہ قومی سلامتی، خود مختاری اور سالمیت معیشت سے جڑی ہے، ماضی میں کئی سلطنتیں اور بڑی ایٹمی طاقت سوویت یونین بھی کمزور معیشت کی وجہ سے ٹوٹ گئی تھی، ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے، معیشت اور انصاف ملک و معاشرے کی اصل ضرورت ہے، محمد فائق شاہ نے کہا کہ عوام کو غربت، پسماندگی اور محرومی سے نکالنا معاشی انصاف ہے  جس کیلئے تعلیم، زراعت، صنعت اور برآمدات کو ایمرجنسی بنیادوں پر دیکھنا ہو گا، ہماری معیشت، روزگار اور کاروبار مسلسل زوال کا شکار ہے، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے دباؤ کو عوام کے کندھوں پر ڈال کر انصاف نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا کہ امن ترقی پارٹی نے سفارت کاری برائے سرمایہ کاری، سمیت تعلیم اور ترقی کا مکمل لائحہ عمل دیا ہے اسے نافذ کیا جائے، تمام اداروں کو مل کر مشترکہ کوشش کرنی ہو گی تاکہ تیز رفتار ترقی ہو سکے، ہم سے الگ ہونے والا بنگلہ دیش آج معاشی ترقی کی دوڑ میں آگے ہے،ہمارے سیاستدان اور طاقت ور طبقات اقتدار کیلئے لڑ رہے ہیں  جس کا انجام بھیانک ہوتا ہے  فی الفور تمام ادارے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں۔