تمام ٹینڈرز شائع ہونے کے بعد بی او کیو پر اپلوڈ ہوں گے،ریاض خان
پشاور(سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے محکمہ مواصلات و تعمیرات ریاض خان نے کہا ہے کہ محکمے کے تمام ٹینڈرز شائع ہونے کے بعد سات دنوں کے اندر اندر بی۔او۔کیو پر اپلوڈ کئے جائیں گے جب کہ ٹیکنیکل ٹینڈر کی منظوری سے لیکر فنانشیل بڈ منظوری تک تحفظات کی دوری کے لئے 10 دن مختص کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کار ڈڈیپازٹ ریسپٹ(سی۔ڈی۔آر) اور ٹیکنیکل بڈ کا پورا نظام بھی بہت جلد جلا ڈیجیٹلائیز کروایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات میں اصلاحات کا عمل جاری ہے جس میں ٹھیکیداروں کو آسانی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شفافیت کی غرض سے پورا نظام بھی ڈیجیٹلائز کیا جائیگا۔ جبکہ کوالٹی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تعمیراتی کام کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بھی بروئے کار لائے جائیں گے۔یہ ہدایات انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ای۔ورک آرڈر کے اجراء کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو اعجاز احمد انصاری اور محکمے کے تمام چیف انجینئرز نے شرکت کی۔ریاض خان نے تمام متعلقہ چیف انجینئرز کو تعمیراتی کاموں کی مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی اسکیم میں ناقص میٹیریل استعمال نہیں ہونا چاہئیے اور تمام سکیمیں بھی بروقت مکمل کی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے سرد علاقوں کے چیف انجینئرز کو ہدایت دی کہ برفباری کے دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی نا خوشگوار حالات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں اور عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔