ملک لوٹ کر جائیدادیں بنا نیوالوں کو حسات دینا پڑیگا، سراج الحق
ملتان(سٹی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط قوم کے لیے گلے کا ہار نہیں بلکہ سخت آزمائش بن چکیں۔ آئی ایم ایف 22کروڑ عوام کو پاؤں کی زنجیریں اور ہتھکڑیاں پہنا چکا، اب منی بجٹ کے ذریعے عوام کی گردن میں غلامی کا طوق ڈالنا چاہتا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے سے طے ہونے والی شرائط قوم کے سامنے لائی جائیں۔ نااہلوں کا ٹولہ ملک پر مسلط ہے۔ پی ٹی آئی (بقیہ نمبر48صفحہ6پر)
ساڑھے تین برس حکومت کرنے کے بعد بھی بے سمت اور عوامی مسائل سے لاتعلق ہے۔ موجودہ، ماضی کی حکمران جماعتوں اور ڈکٹیٹروں کی پالیسیاں یکساں رہیں۔ حکمران اشرافیہ مال بناتی رہی، غریبوں کے گھروں میں فاقے جاری رہے۔ ملک کو لوٹ کر جائیدادیں اور جاگیریں بنانے والوں کو حساب دینا ہوگا۔ قوم کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ پاکستان میں بجلی گیس کی قیمتیں آئی ایم ایف طے کر تا ہے، پی ٹی آئی کے دور میں غریبوں پر عر صہئ حیات تنگ ہو گیا۔ گزشتہ تین برسوں میں روپے کی قدر میں 31فیصد کمی ہوئی۔ مہنگائی کے طوفان اور روپے کی فری فال کی ذمہ دار حکومت ہے۔ استعماری طاقتیں اور مالیاتی ادارے ہماری حکومتوں کو اپنی ڈکٹیشن پر چلاتے ہیں۔واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ملک امریکی غلامی کے لیے نہیں بنا۔ قوم کا اجتماعی شعور جاگیرداروں اور وڈیروں کو مزید قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ملک پر اسلامی نظام کا سورج جلد طلوع ہو گا۔ ان شاء اللہ جماعت اسلامی قوم کو متحد کر کے پرامن جمہوری طریقہ سے ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو اور علماء مشائخ رابطہ کونسل کے زیراہتمام ”تحفظ ختم نبوت“ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے علماء مشائخ رابطہ کونسل کے چیئرمین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ،صدرمیاں مقصوداحمد،جماعت اسلامی کے صوبائی امیرجاوید قصوری،ضلعی امیرمحبوب الزماں بٹ اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں انھوں نے ملتان میں جماعت اسلامی کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر بلدیاتی اور جنرل الیکشن کے امور اور دیگر ایشوز زیر بحث آئے۔فیصل آباد میں علما سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ امت مسلمہ مسائل میں گھری ہوئی ہے۔ ختم نبوت ؐ کے عقیدے کے خلاف عالمی سازشیں عروج پر ہیں۔ سماجی رابطہ کے نیٹ ورکس پر غیر مسلموں کی جانب سے توہین آمیز مواد اپ لوڈکرکے مسلمانوں میں اشتعال پھیلایاجارہا ہے۔ ایک منظم سازش کے تحت شعائراسلام کی توہین کی جارہی ہے۔ دنیا بھر کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرکے انہیں دہشت گرد ثابت کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔امت مسلمہ کو متحدہوکر ان کے عزائم کو ناکام بناناہوگا۔ علما ومشائخ پاکستان کے وارث ہیں۔ اسلامی فلاحی پاکستان کے قیام کے لئے مشائخ عظام کی قیادت میں جدوجہد کرنا سعادت سمجھتے ہیں۔