یونیورسٹی آف انجینئرنگ کی صد سالہ تقریبات کاسلسلہ جاری
اہور(لیڈی رپورٹر) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی صد سالہ تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں یونیورسٹی ایلومینائیز نے تقریب کا اہتمام کیا۔تقریب میں یونیورسٹی کے 400 کے قریب سابق طلباءٓ نے شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرور اور چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل اور ایم این اے نجیب ہارون تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں موجود دیگر قابل ذکر سابق طلباء میں سابق وزیر منصوبہ بندی اور سابق ڈپٹی چیئرمین پاکستان پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد اکرم شیخ اور سابق چیئرمین پیمرا میاں جاوید اور کمال الدین ٹیپو شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر منصور سرور نے یونیورسٹی کی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یو ای ٹی عالمی درجہ بندی مسلسل بہتر ہورہی ہے جبکہ یونیورسٹی ایشیا کے بہترین جامعات میں شمار ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج یونیورسٹی انجینئرز کی اولین ترجیح بن چکا ہے۔ ٹیوشن فیس فری پی ایچ ڈی مالی مشکلات کا شکار طلبا کے خوابوں کی تکمیل کیلئے یونیورسٹی کا ایک شاندار کارنامہ ہے۔
انہوں نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ضرورت مند طلباء کے لیے یونیورسٹی کے فنڈ میں تعاون کیا۔چیئرمین انجینئرنگ کونسل نجیب ہاروں نے یونیورسٹی کے سو سال مکمل ہونے پر وی سی، فکلیٹی ممبران، سٹاف اور طلبا کو مبارکباد دی۔ڈاکٹر اکرم شیخ، میاں جاوید، کمال الدین ٹیپو، اظہر الاسلام، اور دیگر نے اپنی یونیورسٹی کے دنوں کی یادیں بیان کیں۔ اظہر الاسلام نے گریجویٹس کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے مالی معاملات میں یونیورسٹی کی مدد کرنے کے لئے ایلومینائیز کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد کرنے کا وعدہ کیا۔