کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے صرف بحران دیئے ہیں،کراچی کو بہتر بنانے کیلئے شجر کاری کی ضرورت ہے،موسم سرما ختم ہوتے ہی وسیع پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی۔ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے شاہ فیصل کالونی نمبر ایک میں مثالی پارک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کل ملیر میں پارکس اور گرین بیلٹ کا افتتاح کیا تھا اور اب شاہ فیصل کالونی میں بھی گرین بیلٹ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارک طویل عرصہ سے بنجر پڑا تھا۔ پارکوں کو بحال کر کے شہریوں کیلئے کھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو بہتر بنانے کیلئے شجر کاری کی ضرورت ہے۔ موسم سرما ختم ہوتے ہی وسیع پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی۔ کراچی میں لاکھوں کی تعداد میں درختوں کا ہونا ضروری ہے۔ شہری آگے بڑھیں اور بحال شدہ پارکوں کی حفاظت کریں۔انہوں نے کہاکہ پارکس اور کھیل کے میدان شہریوں کا ہی اثاثہ ہیں۔ کراچی والے دیکھیں گے ایم کیو ایم، پی ٹی آئی نے کیا کیا؟ اور پیپلز پارٹی کیا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں ہمارا کوئی منتخب نمائندہ نہیں لیکن پھر بھی تفریق خدمت کر رہے ہیں۔ ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور آگے بھی خدمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بورڈ ٹینڈر کی بِڈ 6 جنوری کو کھلے گی اور کام شروع ہو جائے گا۔مرتضی وہاب نے کہا کہ بلدیاتی ادارے اپنے بجٹ سے یہ ترقیاتی کام کروا رہے ہیں جبکہ 7، 8 اور 9 جنوری کو گولڈ فیسٹیول منانے جا رہے ہیں جس کا میلا فریئر حال میں سجے گا۔انہوں نے کہا کہ فروری میں پھولوں کا فیسٹیول سجے گا۔ ہم ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھروں کے وعدے کرنے والوں کی طرح مکر نہیں گئے۔ پیپلز پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے اسے پورا کرکے دکھایا۔مرتضی وہاب نے کہاکہ اس وقت پاکستان کے شہری مہنگائی کے بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں۔ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ پی ٹی آئی گیس، بجلی نہ ہی روزگار دے پارہی ہے۔ ہمارے گھروں میں گیس نہیں ہے۔ گیس، ادویات، چینی، آٹے، بجلی کا بحران پیدا ہوگیا ہے، افراط زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ہم زرعی ملک ہیں اور اب کھاد کی کمی بھی سر اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت نے صرف بحران دیے ہیں اور اخلاقیات کا بحران سب بحرانوں سے بڑا ہے۔