مرحوم ریٹائرڈ فوڈ انسپکٹر کو سپریم کورٹ سے22 سال بعد انصاف مل گیا

مرحوم ریٹائرڈ فوڈ انسپکٹر کو سپریم کورٹ سے22 سال بعد انصاف مل گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( نامہ نگار خصوصی) مرحوم ریٹائرڈ فوڈ انسپکٹر کو سپریم کورٹ سے22 سال بعد انصاف مل گیا۔عدالت نے محکمہ خوراک کومرحوم فوڈ انسپکٹر کی پینشن اور مراعات ایک ہفتے میں اداکرنے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی،مرحوم فوڈ انسپکٹر ابراہیم کے وکیل حافظ طارق نسیم نے دلائل دئیے کہ محکمہ خوراک نے اپیل کنندہ فوڈ انسپکٹر کے ذمے 9 لاکھ روپے کی وصولی ڈالی،پنجاب سروس ٹربیونل نے پنشن مراعات سے 9 لاکھ وصول کر کے محکمہ کو بقایا رقم ادائیگی کا حکم دیا،سروس ٹربیونل کے فیصلے کے برعکس سال 2001 میں ریٹائرڈ ہونے کے باوجود پنشن اور ریٹائرمنٹ کی دیگر مراعات فراہم نہیں کی گئیں،فوڈ انسپکٹر اکتوبر دو ہزار بائیس میں انتقال کر گئے۔عدالتی حکم پر محکمہ خوراک اور اکاﺅنٹینٹ جنرل آفس کے افسران عدالت پیش ہوئے۔عدالت نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ بائیس سال گزر گئے کسی کو پنشن اور مراعات کی ادائیگی کا خیال کیوں نہیں آیا۔پیش ہونے والے افسروں نے عدالت کو تحریری یقین دہانی کرائی کی کہ پنشن اور مراعات فوری ریلیز کردی جائیں گی، عدالت نے مرحوم فوڈ انسپکٹر ابراہیم کی بیوہ کو ایک ہفتے میں پنشن اور مراعات اداکرنے کا حکم دیتے ہوئے اپیل نمٹادی۔
 انصاف مل گیا

مزید :

صفحہ آخر -