سڑکوں کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے، ثاقب ظفر
ملتان(سپیشل رپورٹر )ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے جنوبی پنجاب میں سڑکوں کی تعمیرکے منصوبوں پر کام کی سست روی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ ہائی ویز کے افسران پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ رنگ فینسنگ کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے فنڈز کسی دوسری جگہ شفٹ نہیں ہوسکتے اور فنڈز کی رنگ فیسنگ کا علم ہونے کے(بقیہ نمبر34صفحہ6پر )
باوجود افسران کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔کیپٹن( ر)ثاقب ظفر نے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔وہ جنوبی پنجاب میں سڑکوں کے 560 منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں سیکرٹری سروسز تنویراقبال تبسم، سیکرٹری پی اینڈ ڈی آفتاب پیرزادہ،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو جواد اکرم،ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈنیشن محمدفاروق ڈوگر کے علاوہ ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن کے ایس ای ہائی ویز اور ایکسینز نے شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ محکمہ ہائی ویز کے تمام منصوبوں کی منظوری دی جاچکی ہے اور سڑکوں کے منصوبوں کے لئے 40 ارب روپے جاری کئے جاچکے ہیں لیکن فنڈز خرچ کرنیکی شرح سست روی کا شکار ہے جوکہ منصوبوں میں تاخیر کی نشاندہی کرتی ہے۔انہوں نے استفسار کیا کہ محکمہ ہائی ویز کے افسران نے ٹینڈرنگ پراسس میں تاخیر کیوں کی۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہاکہ شاہراہیں اور ذرائع نقل و حمل معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لئے سڑکوں کی بروقت تکمیل بہت ضروری ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سڑکوں کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائےاور اس سلسلے میں ٹائم لائن مقرر کی جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں پر پیش رفت کا ہفتہ وار جائزہ لیاجائے،انہیں معینہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کا کام کے اعلیٰ معیار کے لئے سکیموں کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے۔محکمہ ہائی ویز کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر 20ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں اور 163 منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن میں 43 فیصد، بہاولپور68 اور ڈی جی خان میں51 فیصد فنڈز استعمال کئے جاچکے ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سڑکوں کی تعمیر کے تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔