معیشت کی بحالی کیلئے گولڈ ایمنسٹی اسکیم لائی جائے، ریونیو ایڈازرز ایسوسی ایشن 

    معیشت کی بحالی کیلئے گولڈ ایمنسٹی اسکیم لائی جائے، ریونیو ایڈازرز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


         لاہور(این این آئی)ریونیو ایڈوائزر ایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر قدیر نے حکومت سے گولڈ ایمنسٹی اسکیم لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ذریعے نہ صرف دنیا کا اعتماد حاصل کیا جا سکتا ہے بلکہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کی جاسکتی ہیں،حکومت عوام کو اعتماد میں لے کر کم از کم 6ماہ کی مدت کیلئے سونے کے زیورات  لے کر اعدادوشمار مرتب کرے اور ایک اندازے کے مطابق دنیا کو دکھانے کیلئے پاکستان کے پاس 50ارب ڈالر مالیت کے سونے کے ذخائر ہوں گے۔ وہ ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے ممبران سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر سلیم محمود،چودھری ندیم،بابر نیاز،اعظم شاہ،ثمر عباس تارڑ،عبد المغیث،اقبال شیخ،محمد جاوید اقبال اوردیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ حکومت مختلف دوست ممالک سے دو سے تین ارب ڈالر لے کر انہیں زر مبادلہ کے ذخائر کے طور پر ظاہر کرتی ہے اور دنیا یہ جانتی ہے کہ ہم ان ڈالرز کا استعمال نہیں کر سکتے۔ پاکستان کی عوام نے اس ملک سے ہی  کمایا ہے اور جب ملک پر کڑا وقت ہے تو یقینی طور پر پوری قوم ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اعتماد میں لے کر نامور معاشی ماہرین سے گولڈ ایمنسٹی اسکیم کے لئے شرائط تیار کرائی جائیں اور ایک اندازے کے مطابق ملک میں موجود 50ارب ڈالر مالیت کے  سونے کے ذخائر ہماری معیشت کی سانسیں بحال کرسکتے ہیں۔عوام کو یقین دہانی کرائی جائے کہ اس اقدام سے انہیں قطعی کوئی نقصان نہیں ہوگابلکہ حکومت کا ساتھ دینے پر آنے والے وقتوں میں ان کو سہولیات اور مراعات دینے کی یقین دہانی کرائی جائے۔

مزید :

کامرس -