میپکو سے متعلق آن لائن شکایات کا فوری ازالہ کرنے کے احکامات جاری
ملتان(نیوز رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ نے کسٹمرکمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CCMS)روشن پاکستان پورٹل اورفیڈرل کمپلینٹ سیل (FCC) پر درج ہونے والی آن لائن شکایات کا فوری طورپر ازالہ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں (بقیہ نمبر46صفحہ6پر )
اور کہا ہے کہ صارفین کی بلنگ، ٹرانسفارمرز خرابی، بجلی چوری، لائن کی خرابی، نئے کنکشنز کی فراہمی، کم وولٹیج، نئے کنکشنز کی بلنگ تاخیر سے ہونے، نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب، بلوں کی عدم وصولیوں، خراب اور جلنے والے میٹروں کی تبدیلی، ٹرپنگ اور بجلی سے متعلق دیگر نوعیت کی تمام کیٹگریز کی شکایات فوری طورپر رفع کی جائیں اور شکایات کے ازالے سے متعلق صارفین کو مطلع بھی کیاجائے۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں آن لائن درج ہونے والی شکایات کے ازالے سے متعلق آپریشن سرکلوں کے افسران سے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے 9آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ خراب اور جلنے والے میٹروں کی تبدیلی کے لئے سنگل او رتھری فیز میٹرز فراہم کردئیے گئے ہیں ان میٹروں کی تنصیب کی نگرانی کی جائے اور رپورٹ ہیڈ کوارٹر بھجوائی جائے۔ ملازمین کی جانب سے میٹروں کی تبدیلی کی آن لائن بوگس شکایات درج کروانے والے اہلکاروں کی نشاندہی کی جائے اور ان کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کی جائے۔ صارفین کی شکایات کا ازالہ کرنا ہمارافرض ہے اس میں سستی اور نااہلی ناقابل برداشت ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ ڈیفیکٹوکوڈ لگنے والے تمام میٹروں کی تنصیب ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔ ڈوپلیکیٹ میٹرز جاری کروانے پر متعلقہ سرکل افسران ذمہ دارہوں گے۔ چیف انجینئر او اینڈ ایم ڈسٹری بیوشن میپکو رانا محمد ایوب خاں نے سی ای او میپکو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ رواں مالی سال کے دوران یکم جولائی تا29دسمبر2022 تک 6لاکھ55ہزار931صارفین کی مختلف نوعیت کا شکایات کا ازالہ کیاگیا ان صارفین نے شکایات کے ازالے کی توثیق کی ہے اور ہیڈ کوارٹر میں قائم مانیٹرنگ روم /ریجنل کمپلینٹ سنٹر صارفین کے شکایات کے ازالہ کی مانیٹرنگ کررہاہے۔ اجلاس میں تمام آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ جنرل منیجر آپریشن ناصرایاز خان گرمانی، چیف سٹریجیٹک پلانر جاوید اقبال گِل، پراجیکٹ ڈائریکٹرکنسٹرکشن سہیل بشیر، انچارج ریجنل کمپلینٹ سنٹر عبدالحفیظ بھٹی اور سٹاف آفیسر عرفان محمود صدیقی بھی موجود تھے