بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کی کورونا سکریننگ دوبارہ سخت کرنےکا فیصلہ
لاہور،کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی کورونا سکریننگ دوبارہ سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سندھ حکومت نے چین سے آنیوالوں کے کووڈ ٹیسٹ کرنے اور عوامی مقامات پر شہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کردی ہے۔نیشنل ہیلتھ سروسز کے مطابق دوبارہ سکریننگ سخت کرنے کا فیصلہ دنیا بھر میں کورونا وباءکے دوبارہ پھیلاو¿ کے تناظر میں کیا گیا ہے جس کے لیے تمام ائیرپورٹس کو مراسلہ بھی بھجوا دیا گیا ہے۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ائیر پورٹ ہیلتھ سروس کے عملے کی جانب سے مشتبہ بیمار فرد کا آر اے ٹی ٹیسٹ فوری کیا جائے اور ہر فلائٹ کے 2 فیصد مسافروں کی ہر صورت سکریننگ کی جائے۔مراسلے کے مطابق مسافر کی مزاحمت پر سول ایوی ایشن کا عملہ اور ائیرپورٹ سکیورٹی فورس معاونت کرے ۔ دریں اثناءسندھ حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایت پر چین سے آنے والے تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کا فیصلہ کیا ہے اور مثبت کیس آنے پر متاثرہ مسافر کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا، علامات والے مسافرکا پی سی آر ٹیسٹ لازمی کیا جائے گا۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ تمام مسافروں کو فائزرکا بوسٹر ڈوز لگایا جائے گا،جب کہ علامات ہونے اور ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود مریض کاچیسٹ ایکسرے بھی ہوگا۔محکمہ صحت سندھ نے عوامی مقامات پرماسک لازمی پہننے اور اجتماعات کرنے سے گریز کی بھی ہدایت کی ہے۔
کورونا سکریننگ