کرم ایجنسی میں آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ، 3جوان شہید، 2دہشتگرد ہلاک
اراولی، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے ضلع کرم کے علاقے اراولی میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، جس میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا، فا ئرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے،ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ و ایمو نیشن برآمد کی گئی، دہشت گردوں کے خاتمے تک علاقے میں آپریشن جاری رہے گا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے،شہداءمیں صوبیدار شجاع محمد، نائیک محمد رمضان، سپاہی عبدالرحمان شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلئے پرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔دریں اثنا ءوزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ضلع کرم میں دہشتگردوں کےخلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔اپنے الگ الگ تعزیتی بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبیدار شجاع محمد، نائیک محمد رمضان، سپاہی عبدالرحمان کو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر سلام پیش کیا۔وزیر اعظم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا دہشت گردی کےخلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کےساتھ آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنےوالوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم کی دعائیں اپنے افواج کےساتھ ہیں، اس موقع پر انہوں نے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات اور لواحقین کو صبر جمیل دینے کی دعا کی۔دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دہشت گردی کےخلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز اور قوم کی کوششیں جاری رہیں گی، صدر مملکت نے بھی لواحقین سے ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔
جوان شہید