مری میں سرماکی پہلی برفباری ، پنجاب کے کئی شہروں میں بارش
مری،سوات،لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، جھنگ ، شورکوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک،لیڈی رپورٹر،کرائم رپورٹر)ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، گلیات، سوات اورکالام میں بھی برفباری سے سیاحوں کا مزہ دوبالا ہوگیا ہے۔ناران اور شوگران میں بھی برفباری سے سردی اور بڑھ گئی، برفباری سے ناران میں درجہ حرارت منفی 4 اور شوگران میں 2 تک گرگیا۔سوات اور وادی کالام میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، لوئر دیر میں برفباری کے بعد نظارے اور حسین ہوگئے، خیبر کی وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری نے سردی میں اضافہ کردیا ہے، اورکزئی میں جبر ٹاپ پہاڑی پر برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑک بند ہوگئی۔بلوچستان کے علاقوں توبہ کاکڑی اورکوہ خواجہ کے پہاڑ برف سے ڈھک گئے، سبی، مستونگ اور نوشکی میں بارش کے بعد خون جما دینے والی سردی ہے۔مظفرآباد شہر اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری ہورہی ہے، اس کے علاوہ چلاس، بابوسرٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ، فیری میڈوز اور نانگا پربت بیس کیمپ پر بھی برفباری ہو رہی ہے۔ لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، جھنگ ، شورکوٹ میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، ساہیوال، ملتان، پاکپتن، اوکاڑہ، جھنگ، ننکانہ صاحب، شورکوٹ، اٹک ، بورے والا، شیخوپورہ، میاں چنوں، قصور اور سانگلہ ہل سمیت گردونواح میں موسم سرما کی پہلی ہلکی ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ لاہور میں بارش سے پھسلن، فوگ اور سموگ کے باعث مختلف حادثات میں 25 سے زائد افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق فیروز پور پر بارش سے پھسلن کے باعث مختلف حادثات پیش آئے ، حادثات کے نتیجے میں 25سے زائد افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد جنرل ہسپتال منتقل کر دیا۔ ایک اور حادثے میں چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹر نعمان بھی جاں بحق ہو گئے ہیں، ان کی ڈیڈ باڈی کو جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ایم ایس جنرل ہسپتال کو زخمیوں کے بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ادھر بلوچستان کے مختلف مقامات کوئٹہ، زیارت ، پشین ، ڈیرہ بگٹی سمیت گردونواح میں بھی ہلکی بارش سے سردی بڑھ گئی ہے۔دوسری جانب بلوچستان میں بارش اور برفباری کی صورتحال کے باعث محکمہ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، پی ڈی ایم اے کی جانب سے اعلانیہ پابندی کے تحت تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ اور ڈیوٹی کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کے مطابق برف باری کے مقامات پر آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے عملہ اور مشینری پہنچا دی گئی۔صوبے کے برفباری والے علاقوں میں آمد ورفت کو یقینی بنانے کیلئے ٹارگٹڈ جگہوں پر پہلے سے عملہ اور ہائی مشینری پہنچائی جا چکی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں سے بھی اس موسم میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔
بارش