جامع عیدگاہ کلاں میں پبلک پارک بنانے کی سازش کی پر زور مذمت
ڈیرہ اسماعیل خان (بیوروپورٹ)جامع عیدگاہ کلاں میں پبلک پارک بنانے کی سازش کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور پی ٹی آئی کی اس سازش کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے‘ اس غیر اسلامی اور غیر قانونی منصوبے کیخلاف ہر قسم کی قربانی دینگے‘ ان خیالات کا اظہار صوبائی امیر اتحادالعلماءکونسل مفتی عبدالواحد قریشی‘ صدر ڈسٹرکٹ تنظیم اہلسنت قاری محمد اعجاز فاروقی‘اور ضلعی ترجمان وفاق المدارس پاکستان قاری محمد عمیر فاروقی نے جامع عیدگاہ کلاں میں پریس کانفرنس کے دوران کیا‘ اس موقع پر متولی جامع مسجد عید گاہ کلاں مولانا احمد شعیب اوردیگر جید علماءاکرم موجود تھے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ٹی ایم اے ڈیرہ کی طرف سے عیدگاہ کلاں کی چاردیواری‘ بھرائی سیٹنگ کے نام پر 150سالہ قدیمی تاریخی عیدگاہ کی حیثیت ختم کرکے اس کو پبلک پارک میں تبدیل کیا جارہاہے‘ اس حوالے سے تمام علماءکرام نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ شرعی طور پر عیدین کی نماز کیلئے وقف اراضی کو پارک میں تبدیل کرنا شرعاً ناجائز اور حرام ہے‘ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام جید علماءکرام نے متفقہ طورپر فیصلہ کیا ہے کہ ٹی ایم اے ڈیرہ اورضلعی انتظامیہ”عیدہ گاہ“ کو پارک میں تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہیں عیدگاہ کو پارک بنانے کے ناپاک منصوبے کو ختم نہ کیا گیا تو اہل اسلام ہر قسم کی قربانی دیکر اس منصوبے کو ختم کرانے پر مجبور کرینگے۔