رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں سات عوامی شکایات کی شنوائی

رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں سات عوامی شکایات کی شنوائی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں سات عوامی شکایات کی شنوائی ہو گئی۔ بےنچ میں چیف کمشنر محمد سلیم خان اور کمشنر جج محمد عاصم امام شامل تھے،آر ٹی ایس کمیشن کو پشاور سے تعلق رکھنے والے شہری جعفر شاہ نے شکایت کی تھی کہ ان کے بھائی کے ڈےتھ سرٹیفیکٹ کے حصول میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے. متعلقہ ویلج کونسل سیکرٹری عطاءاللہ کمیشن کے سامنے حاضر ہوئے۔کاروائی کے دوران ثابت ہوا کہ شہری نے غلط بیانی سے کام لیا ہے اور وہ ایک سرکاری ملازم بھی ہے. کمیشن نے شہری کو 25 ہزار روپے جرمانے کے ساتھ ٹیکنیکل کالج کے پرنسپل کو اسکو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے. باجوڑ سے سید مند نامی شہری کے ایف آئی آر کے عدم اندراج کی شکایت پر ڈی پی او اور متعلقہ انسپکٹر کی تنخواہیں بند کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے. ہری پور سے خضر حیات نامی شہری نے کمیشن کو درخواست دی تھی کہ حلقہ پٹواری ان کو وراثتی انتقالات نہیں دے رہے اور ان سے 50 ہزار روپے رشوت لے چکے ہیں. تحصیلدار غازی اور حلقہ پٹواری جنید کمیشن کے سامنے پیش ہوئے. کمیشن نے حلقہ پٹواری کو شہری کے پیسے واپس کرنے اور 7 دنوں کے اندر تمام وراثتی انتقالات مہیا کرنے کے احکامات دیئے. بونیر سے ولید نامی شہری نے وراثتی انتقالات کے حصول کے لیے کمیشن کو درخواست دی تھی. سید امین تحصیلدار بشمول نائب تحصیلدار اور حلقہ پٹواری کمیشن کے سامنے حاضر ہوئے. کمیشن نے شہری کا مسئلہ 14 دنوں کے اندر حل کر کے دوبارہ تمام دستاویزات سمیت کمیشن کے سامنے حاضر ہونے کے احکامات جاری کئے. پشاور سے محمد جوہر نامی شہری کی شکایت پر ایکسین سی این ڈبلیو کو سمن جاری کیا گیا. ہری پور سے تعلق رکھنے والے شہری پرویز کو جائیداد کی حد بندی کرنے کے لیے ملکیت کے ثبوت مہیا کرنے کے لیے دو دن کا وقت دیا گیا. مانسہرہ سے اسفندیار نے جنگل کی کٹائی کے لئے پرمٹ کے حصول کے لئے کمیشن کو درخواست دی تھی. ایس ڈی ایف او محمد جنید کمیشن کے سامنے پیش ہوئے. کمیشن نے پرمٹ کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے اہلکار کو 19 جنوری تک کا وقت دیا. چیف کمشنر محمد سلیم خان نے کہا کہ کمیشن نہ صرف سرکاری اہلکاروں کو جواب دہ بنا رہا ہے بلکہ شہریوں کو بھی پابند بنا رہا ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی کو تسلیم کرےں. غلط شکایات کرنے پر شہریوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی. کمشنر جج محمد عاصم امام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بنیادی خدمات بروقت فراہم کرنا ہر سرکاری ادارے اور اہلکار کی بنیادی زمہ داری ہے اور کمیشن اہلکاروں کو یہ احساس دلاتا رہے گا۔شہریوں نے ان کی شکایات کا بروقت ازالہ کرنے پر کمیشن کا شکریہ ادا کیا.