گوادر میں حالات کی خرابی کے پیچھے غیر ملکی طاقتوں کے ملوث ہونے کاجائزہ لے رہے ہیں،ضیاء لانگو
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو کاکہنا ہے کہ گوادر میں حالات معمول کی طرف آرہے ہیں اورپورٹ پر سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں جب کہ گوادر کے حالات خراب کرنے میں غیر ملکی طاقتوں کے ملوث ہونے کے حوالے سے جائزہ لیا جارہا ہے۔
نجی ٹی وی چینل "جیو نیوز"کے مطابق آئی جی بلوچستان عبدالخالق شیخ کے ہمراہ گوادر دھرنے سے متعلق پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو نے کہا کہ کچھ عرصے سے مولانا ہدایت الرحمان نے گوادر و اطراف کو دھرنے کے ذریعے یرغمال بنایا ہواہے حالانکہ صوبائی حکومت نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں حق دو تحریک کے تمام مطالبات تسلیم کیے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز حق دو تحریک کے مشتعل افراد نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، جب شرپسندی کی جائے گی تو قانون بھی حرکت میں آئے گا، گوادر میں دھرنا ایسی جگہ پر دیا جارہا ہے جہاں چائنیز کے آمدورفت ہے، دھرنے کا نہ صرف مقام ٹھیک نہیں تھا بلکہ دھرنا مسلح بھی تھا، دھرنے کے شرکا نے پولیس پر فائرنگ کرکے اہلکار کو بھی شہید کیا۔صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گوادر کے لوگ ہمارے اپنے ہیں لیکن ان کو گمراہ کیا جارہا ہے۔اس موقع پر آئی جی بلوچستان نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمان اپنے سیاسی قد و کاٹھ کو بڑھنے کیلئے لاشوں کے ڈھیر لگا نا چاہتا ہے، اگلے الیکشن میں کامیابی کیلئے اپنی تحریک کو خون کا رنگ دینا اس کا مقصد ہے ، قانون کی حکمرانی پولیس کی ذمہ داری ہے قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔