پیزہ کھانے کے شوق نے معروف اشتہاری کو جیل پہنچا دیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کے سابق پروفیشنل کک باکسر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ایمورے اینڈریو ٹیٹ کو خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور انسانی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق اینڈریو ٹیٹ رومانیہ میں اپنے لگژری بنگلے میں قیام پذیر تھا۔ پولیس کو اس کی لوکیشن حیران کن طور پر پیزے کے ایک ڈبے سے ملی، جس پر پولیس نے چھاپہ مار کر اسے گرفتار کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق 36سالہ اینڈریو پر کم از کم 6خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور انہیں دیگر ممالک میں سمگل کرنے کا الزام ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اینڈریو انسانی سمگلنگ کرنے والے کسی منظم گروہ سے وابستہ ہے۔ یہ گروہ خواتین کو دیگر ممالک میں لیجا کر محبوس رکھتا اور ان سے جبراً فحش فلموں میں کام کرواتا ہے جو انٹرنیٹ پر پوسٹ کی جاتی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں اینڈریو نے اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی، جس میں اس کے پاس پیزے کا ایک باکس پڑا ہوتا ہے۔ یہ پیزا رومانیہ کے معروف فاسٹ فوڈ برانڈ کا تھا، جس سے پولیس کو علم ہو گیا کہ وہ رومانیہ میں موجود ہے۔ چنانچہ پولیس کی ایک بھاری نفری نے اس کے گھر پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کر لیا۔ اس کا بھائی ٹرسٹن بھی گھر میں موجود تھااور اسے بھی پولیس نے حراست میں لے لیا۔