غلطی سے ٹرانسفر ہونے والی رقم واپس نہ کرنے پر دبئی میں بھارتی شہری کو سزا
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) غلطی سے بینک اکاﺅنٹ میں ٹرانسفر ہونے والی رقم واپس نہ کرنے پر دبئی میں بھارتی شہری کو ایک ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ایک کمپنی کے ملازم نے 5لاکھ 70ہزار درہم کی خطیر رقم غلطی سے اس بھارتی شہری کے بینک اکاﺅنٹ میں ٹرانسفر کر دی تھی۔ جب کمپنی کی طرف سے اس سے رابطہ کیا اور رقم واپس مانگی تو اس نے رقم دینے سے انکار کر دیا۔
بھارتی شہری کے انکار پر کمپنی نے عدالت سے رجوع کر لیا جہاں سے کمپنی کے حق میں فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔ عدالت کی طرف سے بھارتی شہری کو ایک ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے 5لاکھ 70ہزار درہم کی رقم ہی جرمانے کے طور پر ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ سزا پوری کرنے اور جرمانہ دینے کے بعد اسے ملک بدر کرکے بھارت واپس بھیج دیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق بھارتی شہری نے اس عدالتی فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کر دیا ہے، جہاں اس کی اپیل پر سماعت جنوری 2023ءمیں شروع ہو گی۔