2 بھائیوں کے درمیان ہونے والا باکسنگ کی تاریخ کا واحد میچ، جیتنے اور ہارنے والے دونوں کھلاڑی میچ کے اختتام پر افسردہ
ٹوکیو(مانیٹرنگ ڈیسک) باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں میں پہلے بھی دو دو بھائی اکٹھے کھیلتے رہے تاہم باکسنگ کی دنیا میں کبھی 2 بھائی رِنگ میں آمنے سامنے نہیں آئے۔ یہ منظر تاریخ میں صرف ایک بار 1993ءمیں جاپان میں دیکھنے کو ملا جس کا انجام ایسا جذباتی انداز میں ہواتھا کہ جیتنے اور ہارنے والا، دونوں کھلاڑی ہی افسردہ پائے گئے۔
"ڈیلی سٹار "کے مطابق ان بھائیوں کے نام کوسو ایگوشی اور کاتسواکی ایگوشی ہیں، جن کے مابین جاپان کے کم از کم وزن کے ٹائٹل کے لیے ٹاکرا ہوا تھا۔ اس میچ میں ایک بھائی نے دوسرے کو اس بری طرح ناک آﺅٹ کیا کہ وہ رِنگ میں ہی رونے لگا اور اسے روتا دیکھ کر جیتنے والا بھائی بھی افسردہ ہو گیا۔
جیتنے والا بڑا بھائی کوسو تھا جس نے چھوٹے بھائی کاتسواکی کوبری طرح پچھاڑ دیا۔میچ شروع ہوتے ہی کوسو نے اس شدت کے ساتھ حملہ کیا کہ کاتسواکی گر گیا اور کانپنے لگا اور اسے حواس بحال کرنے میں کافی وقت لگا۔ اس کے بعد دونوں بھائیوں میں متعدد راﺅنڈز کھیلے گئے۔
ہر راﺅنڈ میں دونوں نے ایک دوسرے کو پچھاڑنے کی کوشش کی اور چھٹے راﺅنڈ میں کوسو نے کاتسواکی کو ناک آﺅٹ کر دیا۔ ہارنے کے بعد کاتسواکی رونے لگا جبکہ کوسو نے بھی اپنی جیت کا جشن نہیں منایا بلکہ سر جھکا کر ایک طرف کھڑا ہو گیا۔