ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کا پولیس چوکی پر راکٹ لانچرز، دستی بموں سے حملہ
ڈیرہ اسماعیل خان(ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں نے پولیس چوکی پر راکٹ لانچروں ، دستی بموں سے حملہ کر دیا مگر بہادر پولیس اہلکاروں نے دہشتگردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا ۔
نجی ٹی وی " دنیا نیوز" کے مطابق ڈی آئی خان میں کلاچی پولیس سٹیشن کی چوکی ٹکواڑہ پر دہشتگردوں نے رات گئے راکٹ برسائے اور شدید فائرنگ کی مگر پولیس اہلکاروں کے بھرپور جوابی فائرنگ سے دہشتگرد پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈی پی او محمد شعیب نے ڈی ایس پی صدر حافظ عدنان اور سکواڈ کے ہمراہ بروقت کارروائی کی اور دہشتگردوں کومنہ توڑ جواب دیا ، جس میں دہشتگردوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔ آپریشن کے دوران چوکی میں موجود اہلکاروں کو ریسکیو کیا گیا جبکہ 4 زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق یہ کسی بھی پولیس چوکی پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ تھا جس میں 20 دہشتگردوں نے تین اطراف سے چوکی کو گھیرے میں لے کر فائرنگ کی ، پی جی سیون راکٹ اور دستی بموں سمیت جدید ہتھیاروں کا استعمال بھی کیا۔ پولیس کی جانب سے اڑھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی جوابی کارروائی کے بعد دہشتگرد فرار ہو گئے ۔