مری میں برفباری ، ٹریفک پولیس نے کسی سانحہ سے بچنے کیلئے سیاحوں کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی
مری (ڈیلی پاکستان آن لائن) ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، اب تک تین انچ سے زیادہ برفباری ہو چکی ہے جبکہ ٹریفک پولیس نے کسی بھی حادثے سے بچنے کیلئے سیاحوں کے نام ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے ۔
ایس پی ٹریفک مری کا کہنا ہے کہ مری جانے کیلئے سیاح اچھی اور مکمل فٹ گاڑی کا انتخاب کریں ، مری میں صرف لائسنس ہولڈر ڈرائیور کو داخلے کی اجازت دی جائے گی ۔ منفی درجہ حرارت ہونے کے باعث شہری گاڑی میں اینٹی کولنگ لیکوئڈ کا استعمال کریں جبکہ برفباری کے دوران ٹائروں پر چین کا استعمال کریں ۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کے دوران شیشے مکمل بند نہ کریں ، گاڑی کی رفتار کو کم رکھیں ، اوور ٹیکنگ سے مکمل گریز کیا جائے ۔