معاشی مسائل میں گھری وفاقی حکومت کا 3 بڑے ہوائی اڈے آؤٹ سورس کرنے پر غور
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) معاشی مسائل میں گھری وفاقی حکومت نے ملک کے3 بڑے ہوائی اڈے آؤٹ سورس کرنے پر غور شروع کردیا ۔
نجی ٹی وی "دنیا نیوز" کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا بازی اور پی آئی اے کے امور سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پاکستانی ہوائی انڈے آؤٹ سورس کرنے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت ابتدائی طور پر 3 بڑے ہوائی ادے آؤٹ سورس کرنے کا پلان کر رہی ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی ، اسلام آباد انترنیشنل ائیرپورٹ اور اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور کو آؤٹ سورس کرنے کی منصوبہ بندی کی ہدایت کر دی ہے ، تینوں ائیرپورٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت آؤٹ سورس کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کی جانب سے معاملے پر کمیٹی بنائی گئی ہے جس کی صدارت وہ خود کریں گے جبکہ وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی سیکرٹری ہوابازی ڈویژن و منصوبہ بندی کمیٹی میں شامل ہوں گے ۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی ہے کہ پی آئی اے کے بیڑے میں 4 عدد اے 320 جہاز شامل کئے گئے ہیں ، ہفتہ وار 330 فلائٹس چلائی جا رہی ہیں جبکہ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی طرف سے عائد کردہ پابندی کو ختم کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پی آئی اے نے سال 2022 میں 172 بلین روپے کا ریونیو حاصل کیا جو پی آئی اے کی تاریخ کا سب سے زیادہ ریونیو ہے ۔