ایتھوپیا: باراتیوں کا ٹرک دریا میں گرنے سے 71 افراد ہلاک

Dec 30, 2024 | 02:36 PM

عدیس ابابا ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) افریقی ملک ایتھوپیا میں باراتیوں کو لے کر جانے والا ٹرک دریا میں گر نے سے 71 افراد ہلاک ہو گئے۔
نجی ٹی وی "دنیا نیوز" نے عالمی خبر رساں ادارے کے حوالے سے بتایا کہ افسوسناک حادثے میں شدید زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 68 مردوں اور 3 خواتین کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔
تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا تاہم عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جبکہ ٹرک میں گنجائش سے زیادہ مسافر بھی تھے۔
حادثے کا شکار ہونے والا ٹرک شادی میں شرکت کے لیے جا رہا تھا اور ہلاک ہونے والے تمام افراد قریبی رشتے دار تھے۔
شادی کے گھر کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں اور پورے علاقے میں کہرام مچ گیا، شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مسافروں کو بس سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا ۔
یاد رہے کہ ایتھوپیا میں ٹریفک حادثات عام ہیں جن کی وجوہات میں ناکارہ گاڑیاں، ناقص ٹریفک نظام اور قوانین کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔

مزیدخبریں