عمران کہتے ہیں ڈیڑھ سال جیل کاٹی،کیاضرورت ہے کہ ڈیل کرکے نکلوں؟ علیمہ خان

Dec 30, 2024 | 04:18 PM

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن )عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ میں نے ڈیڑھ سال جیل کاٹی ہے، پھر کیا ضرورت ہے کہ ڈیل کرکے باہر نکلوں۔ 
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان پوچھ رہے ہیں کہ ڈیڑھ سال جیل کاٹی، پھرکیاضرورت ہے کہ میں ڈیل کروں اور جیل سے باہر نکلوں۔ 
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا جب میرے کیس ختم ہوگئے ہیں تو میں اس موقع پر ڈیل کیوں کروں، اپنے کیسز کا سامنا کروں گا اور بنی گالہ میں نظر بند نہیں ہوں گا۔ 
علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے والوں کے کیس کیسے معاف کر دیے گئے، 9 مئی کی سازش پہلے سے کی گئی تھی، پارٹی کو کرش کرنا تھا۔ 
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 26 نومبر اور 9مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانے اور بے گناہ قیدیوں کی رہائی کے مطالبات دہرائے ہیں۔

مزیدخبریں