اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کیلئے پیکج میں تبدیلی سے متعلق وضاحت جاری کردی۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ عازمین حج پیکیج کی تبدیلی 2 جنوری سے قبل کروا سکتے ہیں، سرکاری سکیم کے عازمین حج کو 2 جنوری سے قبل اپنا حج پیکیج، روانگی کا مقام اور قربانی کے آپشن تبدیل کروانے کی سہولت دی گئی ہے، دو جنوری کے بعد کوئی تبدیلی نہیں ہو سکے گی۔
اس حوالے سے ترجمان نے کہا ہے کہ عازمین حج 2 جنوری سے قبل اپنے متعلقہ بینک میں جا کرجو بھی تبدیلی کرانا چاہتے ہیں وہ کرا سکتے ہیں، اس کے علاوہ سرکاری سکیم کے عازمین حج کی دوسری قسط جمع کرانے کی تاریخ میں بھی 2 جنوری تک کی توسیع کردی گئی ہے، کامیاب ہونے والے تمام درخواست گزار مقررہ تاریخ سے پہلے متعلقہ بینک میں دوسری قسط جمع کرا دیں، رقم نہ جمع ہونے کی صورت میں حج درخواست منسوخ تصور ہوگی اور اس پر کٹوتی بھی کی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کامیاب ریگولر سکیم عازمین حج دوسری قسط مبلغ 4 لاکھ (مع اختیاری اخراجات قربانی/2/3 بیڈ) متعلقہ بینک میں جمع کرائیں، واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کے بعد ہی ان کی نشستیں کنفرم ہوں گی، عازمین حج کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ معلومات کیلئے موبائل ایپ پاک حج اپنے سمارٹ فون پر لازمی ڈاو¿ن لوڈ کرلیں تاکہ انہیں فوری رہنمائی مل سکے، جبکہ متعلقہ دفاتر سے بھی عازمین حج کو رہنمائی دی جارہی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس منگل کو ہوگا اجلاس میں حج پالیسی 2025 پر کمیٹی کو بریفنگ دی جائے گی، سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے تحت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس منگل کو چیئرمین سینیٹر مولانا عطاءالرحمن کی سربراہی میں
پارلیمنٹ ہاو¿س میں منعقد ہوگا، اجلاس میں نئی حج پالیسی سمیت نجی حج ٹور آپریٹرز کے ساتھ معاہدے پر بریفنگ دی جائے گی، اجلاس میں متروکہ وقف املاک کی جائیدادوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد سمیت نجی اور سرکاری بلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔