یہ سوچ نہیں ہونی چاہیے کہ میں ہوں تو سب ٹھیک ہے:یوسف رضا گیلانی

Dec 30, 2024 | 07:20 PM

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ یہ سوچ نہیں ہونی چاہیے کہ میں ہوں تو سب ٹھیک ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ میں نہیں تو ملک ہے نہ کچھ اور۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے اقتصادی و معاشی استحکام ضروری ہے،ملک کو اس وقت معاشی مشکلات کا سامنا ہے، بہتر معاشی مستقبل کیلئے پبلک پرائیویٹ سیکٹر کا اشتراک فائدہ مند ہے۔
تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔بزنس کمیونٹی اور پارلیمنٹ کے درمیان گہرا ربط ہونا چاہیے۔ ایکسپورٹ کیلئے نئے ایونیو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ سینٹ میں معاشی بحالی کی بہت ساری تجاویز پر کام ہو رہا ہے۔کوشش کر رہے ہیں کہ چیزوں کو بہتر کریں۔

گفتگو کے دوران چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ تاجروں کے مسائل پر بات کرنے کیلئے سینیٹ کا فورم حاضر ہے۔سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹیوں میں ہر سیاسی جماعت کی نمائندگی ہے۔تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سٹینڈنگ کمیٹیوں کے سپرد کروں گا۔ زراعت پر توجہ دیئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، یہاں بیجوں اور سبزیوں میں ملاوٹ بہت ہے۔ہیومن کیپٹل اور انڈسٹریز کی ماڈرنائزیشن ہماری بنیادی ترجیح ہے۔

مزیدخبریں