ایک سگریٹ 11 نہیں بلکہ مرد کی زندگی میں 17 اور عورت کی عمر میں 22 منٹ کی کمی لاتا ہے، نئی تحقیق میں حیران کن دعویٰ

Dec 30, 2024 | 07:24 PM

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) نئے سال کے آغاز پر ماہرین نے سگریٹ نوشی ترک کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے کیوں کہ نئی تحقیق کے مطابق ہر سگریٹ پینے سے مردوں کی زندگی 17 منٹ اور خواتین کی زندگی 22 منٹ کم ہو جاتی ہے۔یونیورسٹی کالج لندن کی تحقیق جو جلد ہی "جرنل آف ایڈکشن" میں شائع ہوگی، کے مطابق سگریٹ نوشی کے اثرات جمع ہوتے رہتے ہیں، اور جتنی جلدی اسے ترک کیا جائے، اتنی ہی زیادہ زندگی بڑھائی جا سکتی ہے۔

ڈیلی سٹار کے مطابق مرد ہر سگریٹ کے ساتھ اپنی زندگی کے 17 منٹ اور خواتین 22 منٹ کم کرتی ہیں۔ اس سے پہلے کی تحقیقات میں کہا گیا تھا کہ ایک سگریٹ انسان کی زندگی کے 11 منٹ کم کرتی ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق اوسطاً ہر سگریٹ انسان کی زندگی کے 20 منٹ کم کر دیتی ہے، جو عموماً صحت مند زندگی کے وقت میں سے ہوتا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ اگر کوئی شخص 10 سگریٹ روزانہ پینے والا اپنی عادت یکم  جنوری کو ترک کرے تو 8 جنوری تک وہ اپنی زندگی کا ایک مکمل دن بچا سکتا ہے۔ 20 فروری تک اس کی زندگی ایک ہفتہ بڑھ سکتی ہے۔ 5 اگست تک کامیابی سے سگریٹ ترک کرنے سے زندگی کا ایک مہینہ بڑھ سکتا ہے۔
تحقیق کی مرکزی محقق ڈاکٹر سارہ جیکسن کہتی ہیں "تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ سگریٹ نوشی ہر عمر میں نقصان دہ ہے، لیکن اسے چھوڑنا کسی بھی وقت فائدہ مند ہوتا ہے۔ فوائد ترک کرنے کے فوراً بعد شروع ہو جاتے ہیں۔"
پبلک ہیلتھ کے وزیر اینڈریو گون نے کہا "نئے سال کے آغاز پر سگریٹ نوشی ترک کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ یہ عادت مہنگی اور جان لیوا ہے، اور تحقیق کے یہ نتائج اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں۔" رائل کالج آف فزیشنز کے خصوصی مشیر پروفیسر سنجے اگروال کا کہنا ہے "ہر سگریٹ زندگی کے قیمتی لمحات کو کم کر دیتا ہے، اور اس کے مجموعی اثرات نہ صرف افراد کے لیے بلکہ صحت کے نظام اور معیشت کے لیے بھی تباہ کن ہیں۔"
 

مزیدخبریں