یہ الیکٹرک گاڑیاں اب پاکستان میں انتہائی کم قیمت پر دستیاب

یہ الیکٹرک گاڑیاں اب پاکستان میں انتہائی کم قیمت پر دستیاب
یہ الیکٹرک گاڑیاں اب پاکستان میں انتہائی کم قیمت پر دستیاب

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا گلوبل وارمنگ کے خطرے سے بھی دوچار ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کافی زیادہ ہیں۔ ایسے میں برقی توانائی سے چلنے والی گاڑیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں، تاکہ ہم گلوبل وارمنگ کے خطرے کو کم کرکے دنیا کو تباہی سے بھی بچا لیں اور پٹرول کی مد میں اٹھنے والے اخراجات سے بھی بچ جائیں۔ترقی یافتہ ممالک میں پہلے ہی برقی توانائی سے چلنے والی گاڑیاں متعارف کروائی جا چکی ہیں اور اب پاکستان میں ان گاڑیوں کے کچھ ماڈل متعارف کروا دیئے گئے ہیں۔

پاکستان میں یہ ماڈلزامریکی کار ساز کمپنی ”زار موٹرز“ (Zar Motors) نے متعارف کروائے ہیں۔ ان میں منی کیب اور ایک لوڈر گاڑی شامل ہے۔ ”زار منی کیب“ 3پہیوں والی گاڑی ہے جس کی بیٹری 80فیصد تک چارج ہونے کے لیے 2گھنٹے کا وقت لیتی ہے۔ اس کی ایک بار بیٹری فل کر دی جائے تو یہ 130سے 150کلومیٹر کا سفر طے کر سکتی ہے۔ اس میں ڈرائیور سمیت 4افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور یہ پاکستان میں عام پائے جانے والے رکشوں سے کہیں زیادہ آرام دہ بھی ہے۔ پاکستان میں اس کی قیمت 2لاکھ 40ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ ”زار لوڈر“ گاڑی سوزوکی کے کیری ڈبوں کا متبادل ہے۔یہ بھی تینوں پہیوں والی گاڑی ہے اور 750کلوگرام تک وزن لیجانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کی قیمت اڑھائی لاکھ روپے ہے۔ یہ دونوں گاڑیاں گارنٹی کے ساتھ مارکیٹ میں موجود ہیں۔ کمپنی ان کی بیٹریوں کی18ماہ، موٹر، چارجر اور کنٹرولر کی 12ماہ گارنٹی دیتی ہے۔ زار موٹرز کے نمائندے نے ویب سائٹ ”پروپاکستانی“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان گاڑیوں میں جیل بیٹریاں (Gel Batteries) استعمال کی گئی ہے اس لیے ان کی مینٹی نینس کا کوئی جھنجھٹ نہیں۔ ان بیٹریوں کی اوسط عمر 3سال یا اس سے زیادہ ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ ان گاڑیوں کی بیٹریاں مکمل چارج ہونے میں 3سے 4گھنٹے کا وقت لیتی ہیں۔

مزید : سائنس اور ٹیکنالوجی