انڈر 19 ورلڈ کپ : انگلینڈ، زمبابوے اور نمیبیا نے اپنے میچ جیت لئے

انڈر 19 ورلڈ کپ : انگلینڈ، زمبابوے اور نمیبیا نے اپنے میچ جیت لئے

ڈھاکہ (این این آئی)آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں انگلینڈ، زمبابوے اور نمیبیا نے اپنے اپنے میچ جیت لئے جبکہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں (آج) ہفتہ کو مزید چار میچز کھیلے جائینگے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں انگلینڈ انڈر 19 نے ویسٹ انڈیز انڈر 19 کو 61 رنز سے ہرایا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔ کلم ٹیلر اور ڈین لارسن نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 43.4 اوورز میں 221 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کیموپال 65 اور گڈرن پاپ 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ثاقب محمود نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اسی گروپ کے دوسرے میچ میں زمبابوے انڈر 19 نے فجی انڈر 19 کو 7 وکٹوں سے ہرایا۔ زمبابوے یوتھ نے 82 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ایک اور میچ میں نمیبیا انڈر 19 نے سکاٹ لینڈ انڈر 19 کو 9 وکٹوں سے زیر کیا۔ نمیبیا نے سکاٹ لینڈ کی طرف سے دیا گیا 160 رنز کا ہدف 26 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ایس جے لوفٹے نے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ادھر ہفتہ کو پہلے میچ میں گروپ بی کی ٹیمیں افغانستان اور سری لنکا سلہٹ میں پنجہ آزما ہوں گی۔

اسی گروپ کا دوسرا میچ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ گروپ ڈی کے پہلے میچ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی انڈر 19 کی ٹیمیں ڈھاکہ میں نبرد آزما ہوں گی جبکہ اسی گروپ کا دوسرا میچ آئرلینڈ اور نیپال کے مابین فتح اللہ میں کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی