سندھ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے وفاق سے تعاون کرے،میاں مقصود

سندھ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے وفاق سے تعاون کرے،میاں مقصود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ سندھ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں وفاقی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے تاکہ کراچی میں حقیقی معنوں امن کی بحالی ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان اور پیپلزپارٹی کے وزراء کی بیان بازی سے کراچی میں جاری آپریشن کونقصان ہوگا اور اسے منطقی انجام تک پہنچایانہیں جاسکے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ پہلے کی طرح اس بار بھی کراچی آپریشن کو ادھوراچھوڑا گیا اور ٹارگٹ کلرز کے سرپرستوں پرہاتھ نہیں ڈالاگیا تو یہ ملکی سا لمیت کے لئے انتہائی خطرناک ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت کوچاہئے کہ وہ رینجرزآپریشن کے آگے رکاوٹیں نہ ڈالے۔کرپشن اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آپریشن ملکی وقومی مفاد میں ہے۔
میاں مقصود احمد نے کہاکہ ڈاکٹر عاصم حسین کورہاکروانے کے لئے سندھ حکومت کواوچھے اور منفی ہتھکنڈے نہیں اختیارکرنے چاہئیں۔ڈاکٹر عاصم حسین اگر قصوروار نہیں ہیں توانہیں عدالتوں سے انصاف مل جائے گا لیکن اگر انہوں نے قومی خزانے سے لوٹ مارکی ہے تو ان کاکڑااحتساب ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں بھتہ خوروں، ٹارگٹ کلرز اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن ہونا چاہئے تاکہ عروس البلاد کراچی کی رونقیں دوبارہ واپس آسکیں۔