خواجہ نظام الدین اولیاءؒ نے ظلمت کدہ ہند کو دین کا گہوارہ بنایا،طاہر رضا بخاری

خواجہ نظام الدین اولیاءؒ نے ظلمت کدہ ہند کو دین کا گہوارہ بنایا،طاہر رضا ...

لاہور(خبر نگار خصوصی)سلطان المشائخ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء ؒ محبوب الٰہی ؒ ؒ نے ظلمت کدۂ ہند کودینِ اسلام کی حیات آفریں تعلیمات سے منور کرکے ، اس کفرستان کو دین کا گہوارہ بنادیا۔ آپ نے ذات پات اورچھوت چھات میں تقسیم شدہ معاشرے کو اخوت ،مساوات ، بھائی چارے اور امن وسلامتی سے آشنا کیا او ر اسلام کے درسِ محبت سے دُکھی انسانیت کے زخموں پر اپنائیت ، مروّت اور غم گساری کا مرہم رکھا۔ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاءؒ برصغیر کی تاریخ تصوّف وطریقت کی اولولعزم ہستی اور علوم ومعارف کا عظیم منبع تھے ۔ برصغیر میں اشاعتِ اسلام اور فروغِ علم کے حوالے سے آپ کی خدمات اسلامی تاریخ کا سنہری باب ہیں ان خیالات کا اظہار داتاؒ دربار میں منعقدہ "حضرت محبوب الٰہی کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹرجنرل اوقاف پنجاب ، خواجہ غلام قطب الدین فریدی، مفتی محمدرمضان سیالوی اور دیگر مقررنین نے کیا۔ سلطان المشائخ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاءؒ کے 712ویں سالانہ عرس کے سلسلہ میں منعقدہ اس مرکزی تقریب میں علماء ومشائخ کے ساتھ زائرین کی ایک بڑی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے حضرت خواجہ نظام الدین اولیاءؒ کی شخصیت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آپ ؒ کے احوال وافکار اورحیات وتعلیمات سے اخذِفیض کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1