اسلام برداشت کے اصولوں کی بنیاد پر امن عالم کا خواہاں ہے،راغب نعیمی

اسلام برداشت کے اصولوں کی بنیاد پر امن عالم کا خواہاں ہے،راغب نعیمی

لاہور(نمائندہ خصوصی ) معروف مذہبی اسکالر وناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسلام برداشت کے زریں اصولوں کی بنیاد پر’’امن عالم‘‘ کاخواہاں ہے۔ امریکہ میں موجود مسلمانوں کو دیگر مذاہب کے ساتھ مذاکرات اور برداشت کی بنیاد پر چلنا ہوگااسلام عالمگیر مذہب ہے اور اس کے ماننے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے بروکلین نیوریارک کے مقامی ہوٹل نشیمن میں اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔الوداعی تقریب کااہتمام ناظم المصطفی اسلامک سنٹر وسربراہ جماعت اہل سنت امریکہ مولانا بشارت شاذی نے کیا۔اس موقع پر مفتی عبدالرحمن قمر، قاری عثمان، مولانا سیف النبی، صاحبزادہ محبوب رضا، قاری یونس اور مولانا شہباز چشتی ودیگر مہمانان گرامی بھی موجود تھے۔

علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے مزید کہاکہ امریکہ کے مسلمانوں کی طرف سے جس محبت کا اظہار کیا گیا ہے اسے بھلا نہ پاؤں گا۔ آپ علماء نے امریکہ میں آباد پاکستانیوں کو مذہب سے جوڑے رکھا ہے آپ کی خدمت ناقابل فراموش ہیں یقیناً اللہ تعالیٰ اس کا اجر دے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کا نظام ایسا ہے کہ جو اس میں محنت کرتا ہے اسے اس کا پورا بدلہ ملتا ہے اور اس کی کوشش رائیگاں نہیں جاتی۔ آج امریکہ میں پاکستانی مسلمان تیزی سے ترقی کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں اگرچہ 9/11کے بعد مسلمانوں کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑا مگر اب حالات پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہوچکے ہیں۔تقریب کے میزبان ممتاز اسکالرمولانا بشارت شاذی اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہاکہ نعیمی خاندان کے حفاظت دین ،اشاعت اسلام،فروغ علم اور انسانی فلاح و بہبود کے لئے خدمات لائق تحسین اورقابل تقلید ہے۔تقریب میں موجود دینی اسکالر جن میں مفتی عبدالرحمن قمر، قاری عثمان، مولانا سیف النبی، صاحبزادہ محبوب رضا، قاری یونس اور مولانا شہباز چشتی شامل تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1