کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے اندھیرے میں ڈوبا ہوا پاکستان روشن ہو جائے گا، عبدالمنان
لاہور (کامرس رپورٹر)آل پاکستان ہارڈ وئیر مرچنٹ ایسو سی ایشن کے وائس چیئرمین شیخ عبدالمنان نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم واحد پراجیکٹ ہے جس سے نہ صرف پانچ سال کے قلیل عرصے میں انتہائی سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہیں بلکہ وسیع تر فوائد بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں، کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے اندھیرے میں ڈوبا ہوا پاکستان روشن ہو جائے گااور اس کی تعمیرکے بعد صنعتی پیداوار میں پانچ سے چھ ارب ڈالر جبکہ زرعی پیداوار میں دس سے بارہ ارب ڈالر سالانہ اضافہ ہو جائے گا، کالاباغ ڈیم بننے سے بجلی دو روپے یونٹ میں ملے گی، کالاباغ ڈیم سے سالانہ پندرہ ارب یونٹ بجلی پیدا ہو گی جس سے سالانہ تین سو ارب روپے کی بچت ممکن ہوگی جو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے خاتمے، ذرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور روپے کی قدر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرئے گا لہذا حکو مت فوری طور پر کالا باغ ڈیم کی تعمیر کو ممکن بنائے ۔
ن خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ عبدالمنان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ سے نجات حاصل کرنے اور سستی بجلی کے حصول کیلئے کالا باغ ڈیم ،دیا مر،بھاشا،مہمند،اکھوڑی،بونجی،کرم تنگی،منڈا،داسوسمیت دیگر ڈیمز فوری تعمیر کیے جائیں ۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت نئے آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرے اور جس طرح تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو دہشت گرد کے خلاف ایک صفحے پر لایا گیا تھا اسی طرح نئے آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے بھی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اکٹھا کیا جائے ،آبی ذخائر کی تعمیر کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھانے دیا جائے،تمام سیاست دان اور مذہبی رہنما اس اہم قومی مسلے کے حل اور ملک کے وسیع تر مفاد میں اپنی سوچ کو تبدیل کریں اور تمام تر سیاسی و مذہبی اختلافات کو بلائے تاک رکھتے ہوئے آبی ذخائر کی تعمیر پر اتفاق کا مظاہرہ کریں کیونکہ پاکستان کی بقاء و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کا راز کالا باغ ڈیم سمیت نئے آبی ذخائر کی تعمیر میں ہی پوشیدہ ہے۔