ماڈل ٹاؤن،5ڈکیت گینگز کے 12ملزم گرفتار،مال مسروقہ برآمد

ماڈل ٹاؤن،5ڈکیت گینگز کے 12ملزم گرفتار،مال مسروقہ برآمد

لاہور(کرائم رپورٹر)ماڈل ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے پانچ گینگ کے12 ملزموں کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔ یہ بات ایس پی ماڈل ٹاؤن انویسٹی گیشن فیصل مختار نے اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران بتائی۔ اُنہوں نے بتایا کہ شہر میں ڈکیتی، ہاؤس رابری اور نقب زنی جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث ملزموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انویسٹی گیشن گلبرگ، نشتر کالونی، کوٹ لکھپت، نصیر آباد اور شادمان کی پولیس ٹیموں نے ریڈز کے دوران مختلف گینگز کے 12ملزمان کو گرفتار کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ گلبرگ انویسٹی گیشن پولیس نے شاکو ڈکیت گینگ کے دو ملزمان اشفاق عرف شاکو اور اس کے ساتھی رحمت اللہ کو گرفتار ان سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، 3لاکھ روپے نقدی، لیپ ٹاپس،10 موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ۔ نشتر کالونی انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نیامت عرف موٹا اور اس کے ساتھی وزیر حسین عرف جبر کو گرفتار کر کے نقدی، موٹر سائیکل، 4موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا۔اسی طرح کوٹ لکھپت انویسٹی گیشن پولیس نے ریڈ کے دوران گروہ کے سرغنہ احسن ذوالفقار اوراس کے 2ساتھیوں جنید اور حیدر عباس کو گرفتار کر کے 6موبائل فونز، نقدی، دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا جبکہ شادمان انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کے دوران نیدی ڈکیت گینگ کے سرغنہ نوید حسین عرف نیدی اور اس کے ساتھی غلام علی کو گرفتار کر کے ان سے 70ہزار روپے نقدی، 5موبائل فونزاور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ۔ اسی طرح نصیر آباد انویسٹی گیشن پولیس ٹیم نے کارروائی کے دوران جانی ڈکیت گینگ کے سرغنہ رضوان عرف جانی اور اس کے 2ساتھیوں اکمل اور عمران کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، 6موبائل فونز، آٹو رکشہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان گروہوں کے گرفتاری کے بعد لاہور کے کرائم میں واضح کمی آئے گی۔

مزید : علاقائی