ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف محکمہ جنگلات کی زمین پر قبضہ کی زیر سماعت درخواست کے اخراج کیلئے دائر درخواست پر جواب طلب

ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف محکمہ جنگلات کی زمین پر قبضہ کی زیر سماعت ...

لاہور( نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ جنگلات کی 7 ہزار 900 ایکٹر اراضی پر قبضے کے الزام میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی محمد علی گورچانی کے خلاف زیر سماعت درخواست کے اخراج کے لئے دائر درخواست پر حکومت پنجاب، محکمہ جنگلات سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تیرہ فروری کو جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی محمد علی گورچانی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کے سیاسی حریف محمد علی دریشک نے بے بنیاد الزامات کے تحت لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخواست کا مقصد ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی محمد علی گورچانی کی ساکھ کو داغدار کرنا ہے۔ محمد علی گورچانی پر محکمہ جنگلات کی 7 ہزار 900 ایکٹر اراضی پر قبضہ کرنے کی درخواست میں کوئی صداقت نہیں ہے لہٰذا اس درخواست سے ڈپٹی سپیکر کا نام خارج کرنے کا حکم دیا جائے ۔ جس پر عدالت نے حکومت پنجاب، محکمہ جنگلات سمیت دیگر فریقین کو تیرہ فروری کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

مزید : صفحہ آخر