میگا کرپشن سکینڈلز کی انکوائریاں پس پشت نہ ڈالنا خورشید ، نثار لڑائی کا مو جب بنیں

میگا کرپشن سکینڈلز کی انکوائریاں پس پشت نہ ڈالنا خورشید ، نثار لڑائی کا مو ...

 لاہور(ارشد محمود گھمن)اپوزیشن لیڈر سید خورشیدشاہ اور وزیرداخلہ چودھری نثار کے درمیان لفظی جنگ کی مبینہ وجہ سامنے آگئی ،اربوں روپے کے میگا کرپشن سکینڈلز کی انکوائریوں کو پس پشت نہ ڈالنالڑائی کا سبب بناہے۔بعض جماعتیں اور ماضی کی حکومتوں کا حصہ رہنے والی شخصیات ان میگا سکینڈل کی متحرک اور فعال تفتیش سے خوف زدہ ہیں جو چاہتی ہیں یہ فائلیں تیزی سے تحقیقات کی بجائے سرخ فیتے کی نذرہی رہیں جبکہ وزیر داخلہ مذکورہ میگا کرپشن کی تحقیقات کرنے کا پختہ تہیہ کرچکے ہیں تاہم اس میں انہیں کابینہ کے بعض اہم سرکردہ ساتھی اراکین کی بھی بھرپورحمایت حاصل ہے جو ان میگا سکینڈلز میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کرپشن میگا سکینڈلز کی تحقیقات کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ ہی حکومت اوراپوزیشن کے درمیان نئی الفاظی جنگ اور سخت متنازعہ بیانات اورتندو تیز جملوں کی وجہ بنا ہے ۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملک میں بعض با اثر لوگ بدعنوانی میگا سکینڈل کی متحرک اور فعال تفتیش سے خفا ہیں وہ چاہتے ہیں کہ یہ سکینڈل فائلوں میں دبے رہیں اور ان کی تحقیقات کو اتنی تیزی سے مکمل نہ کیا جائے تاہم اس ضمن میں وفاقی وزارت داخلہ نے ان میگا کرپشن سکینڈل کی تحقیقات کو تیزی سے مکمل کروانے کے لئے باریک بینی سے نگرانی شروع کرکھی ہے جس کے باعث بعض جماعتیں اور ماضی کی حکومتوں کا حصہ رہنے والی شخصیات انتہائی خوف اور تذبذب کا شکار ہیں تاہم ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ حکومت اوراپوزیشن کے درمیان یہ نئی محاذ آرائی منظم طریقے کے شروع کروائی گئی ہے تا کہ میگا کرپشن سکینڈلز کی تحقیقات نہ ہو سکیں اور قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے یہ چہرے قوم کے سامنے نہ آسکیں اور یہ کیسزمفاہمتی سیاست کے تحت سرخ فیتے کی نذر ہوجائیں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ چودھری نثار نے ان میگا کرپشن سکینڈلز کی تحقیقات میں شفاف تحقیقات کا پختہ تہیہ کررکھا ہے اورانہیں اس معاملے میں کابینہ کے بعض اہم سرکردہ ساتھی اراکین کی حمایت بھی بھرپورحاصل ہے ،اس بابت وزیر داخلہ سمجھتے ہیں کہ کرپشن کے میگا سکینڈلز کے ذمہ داران کے ٹرائل کے لئے ہم قوم کو بھی جوابدہ ہیں اور اسی لئے کرپشن کے خاتمے کے لئے اپنی ذمہ داری سے وزارت داخلہ کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کر سکتی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ان کرپشن سکینڈلز کی تفتیش کے دائرہ کار مزید وسیع کیا جارہا ہے اور ان معاملات کو رکوانے کے لئے کسی کے بھی بے جا ا حتجاج کو خاطر میں نہیں لا یاجائے گااور ہرصورت میگا سکینڈل میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرکے انہیں عوام الناس کے سامنے لایاجائے گا۔

مزید : صفحہ اول