جامشورو، ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی ، کراچی کا 90فیصد علاقہ بجلی سے محروم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامشورو کے قریب 500 کے وی کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے سے کراچی شہر کا 90 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا ہے ، دھابیجی، گھارو اور نارتھ ایسٹ کراچی کے پمپنگ اسٹیشنز بند ہونے سے شہر کو پانی کی فراہمی بھی بند ہو گئی جبکہ دھابیجی کی پائپ لائن بھی پھٹ گئی ۔تفصیلات کے مطابق جامشورو 500 کے وی کے ٹرانسمیشن لائن میں صبح ساڑھے5 بجے ٹریپنگ سے شہر میں بلیک آؤٹ ہو گیا اور شہر کا 90 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا جس کے باعث اسکول جانے والے بچوں اور دفاتر جانے والے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بریک ڈاؤن سے شہر کے جو علاقے متاثر ہوئے ان میں ملیر، گلشن اقبال، ناظم آباد، لیاقت آباد، گلستان جوہر، بفر زون، شادمان ٹاون، صدر ٹاون، لیاری، رنچھوڑ لائن، سولجر بازار، پی ای سی ایچ سوسائٹی، لسبیلہ، گرومندر اور گارڈن کے علاقے شامل ہیں۔ جبکہ محمود آباد، منظور کالونی، قیوم آباد، ڈیفنس، کلفٹن، آئی آئی چندریگر روڈ، طارق روڈ، بہادر آباد سمیت دیگر کئی علاقے بھی بجلی کی فراہمی سے محروم رہے ۔بجلی کی بندش کے باعث متاثرہ علاقوں میں پانی کی سپلائی بھی بند ہوگئی جب کہ بجلی کے بریک ڈان کی وجہ سے نیپا کے قریب 72 انچ پائپ لائن پھٹ گئی جس کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق جامشورو 500 کے وی کے ٹرانسمیشن لائن میں ٹریپنگ سے بن قاسم پاور پلانٹ سمیت دیگر پیداواری یونٹ بھی بند ہو گئے ۔ تاہم پیداواری یونٹز کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ بعد ازاں ڈھائی گھنٹے بعد بہادر آباد ، گلشن اقبال اور فیڈرل بی ایریا کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی شرفوع ہو گئی ۔ واٹر بورڈ کے ترجمان کے مطابق بجلی کی معطلی سے دھابیجی ، گھارو اور نارتھ ایسٹ کراچی کے پمپنگ اسٹیشن صبح ساڑھے پانچ بجے بند ہو گئے ۔ بجلی کی اچانک معطلی سے دھابیجی کی ایک پائپ لائن پھٹ گئی ، بجلی کی معطلی سے شہر کو پانی کی فراہمی رک گئی ۔