کوہاٹ:نادرا آفس اور ریلوے اسٹیشن پر ناقص سکیورٹی ،18افراد کیخلاف مقدمہ درج

کوہاٹ:نادرا آفس اور ریلوے اسٹیشن پر ناقص سکیورٹی ،18افراد کیخلاف مقدمہ درج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ پولیس نے سیکیورٹی خدشات کے تناظرمیں حساس تنصیبات ،آسانی سے ہدف بننے والے مقامات اورتعلیمی اداروں میں سیکیورٹی قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر نادرا آفس اورریلوے سٹیشن کے مقامی سربراہوں سمیت 18افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے جبکہ کریک ڈاؤن کے دوران34افغان باشندوں کو گرفتارکرکے کرایہ کے گھروں میں مقیم 58افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پولیس انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی اداروں ،دینی مدرسوں ،چرچ و مندر ،مالیاتی اداروں اوردیگر حسا س اور آسانی سے ہدف بننے والے مقامات کی انتظامیہ کو سیکیورٹی گارڈ ز کی تعیناتی ،چاردیواری کی اونچائی وخاردار تار لگانے ،سی سی ٹی وی کیمرے ،سیکیورٹی بیرئیر،واک تھروگیٹ ،فلش لائٹس اور ایس او ایس سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے آخری وارننگ جاری کرنے کے باوجود بعض تعلیمی اداروں اورحساس مقامات کے سربراہان سیکیورٹی انتظامات مکمل نہ کرنے میں ملوث پائے گئے جن کے خلاف مختلف تھانوں کی پولیس نے 12سیکیورٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے ہیں پولیس نے جن تعلیمی اداروں کے سربراہان کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں ان میں پرسٹن یورنیورسٹی کے وائس چانسلر عصمت اللہ ،کوتل انسٹیٹوٹ آف ٹیکنالونی کے پرنسپل جاوید اقبال ،گورنمنٹ پرائمری سکول بانڈہ مدد شاہ کے ہیڈماسٹر غلام یونس ،جناح پبلک سکول کے پرنسپل ،یونیورسٹی پبلک سکول کے پرنسپل محمدنعمان ،لنکن پبلک سکول کی ہیڈمسٹریس رابعہ الطاف ، پرنسپل بیکن پبلک سکول محمدشعیب ،انٹرنیشنل پبلک سکول کے پرنسپل حافظ رشید ،ایجوکیٹر پبلک سکول کے پرنسپل محمد حفیظ ،پرنسپل باچاخان فاؤنڈیشن اکیڈمی راحت شاہین، پرنسپل مدینہ پبلک سکول اینڈ کالج ساجد خان اورکاروان ماڈل سکول اینڈکالج کی پرنسپل شامل ہیں ۔اسی طرح تحصیل لاچی پولیس نے نادرا آفس کے مقامی انچارج کے خلاف ناقص سیکیورٹی انتظامات پر مقدمہ درج کرلیاہے جبکہ ریلوے سٹیشن کے سٹیشن ماسٹر امجد خان کے خلاف قواعد کے مطابق حفاظتی انتظامات مکمل نہ کرنے پر تھانہ چھاؤنی میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے اسی طرح کیتھولک و آرمی سلویشن چرچز کے فادر ارشد اور کیپٹن سیلمون اوربالمیک مندر کے صدر دلدار کے خلاف بھی سیکیورٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ نامکمل حفاظتی انتظامات کے تناظر میں مشہور مقامی گیسٹ ہاؤس میلنیم کے منیجر سجاد خان کے خلاف بھی تھانہ محمد ریاض شہید میں مقدمہ قائم کردیاگیاہے۔دریں اثناء نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع بھر میں کریک ڈاؤن کے دوران مختلف علاقوں سے 34افغان باشندوں کو گرفتارکرکے ان کے خلاف قانونی وشناختی دستاویزات کی عدم دستیابی پر مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ مقامی تھانوں میں اندراج کے بغیر کرایہ کے گھروں میں مقیم 58افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کرکے قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔