وی کرییٹ سنٹر کی کوششوں سے یوایس ایڈکی سابق منتظم کا کاروباری خواتین سے رابطہ

وی کرییٹ سنٹر کی کوششوں سے یوایس ایڈکی سابق منتظم کا کاروباری خواتین سے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وی کرییٹ پاکستان سینٹر (ویمنز انٹر پرنیوریئل سینٹر آف ریسورز، ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ فار اکنامک ایمپاورمنٹ)نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی سابق ایڈمنسٹریٹرہینر یٹا فور اور پاکستانی خواتین کاروباری شخصیات کے درمیان ایک ڈیجیٹل وڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس کے ذریعے ہینر یٹا فور ، ممتاز سرکاری اہلکاروں ، کاروباری افراداور ابھرتی ہوئی خواتین انٹر پرنیورز کے درمیان تجارت کے بہترین طورطریقوں اورتجربات پر تبادلہ خیال کے لیے ڈیجیٹل فورم کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ہینر یٹا فور نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی ایڈمنسٹریٹر اور بین الاقوا می امریکی امداد کی ڈائریکٹر کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ ہینر یٹا فور نے ، جو اب ہولسمین انٹرنیشل کنسلٹنگ فرم کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں ، وڈیو کانفرنس کے ذریعے معاشی ترقی میں خواتین تاجروں کی اہمیت اور تجارتی دنیا میں خواتین کو درپیش مسائل پرگفتگو کی۔ ہینر یٹا فور نے کہا کہ آپ سب کاروباری شخصیات جانتی ہیں کہ آپ کے اندر ایک تخلیقی جوہرموجود ہے ۔یہ آپ کیلئے ایک موقع اور چیلنج ہے کہ آپ اس جوہر کو کیسے باہر لاتے ہیں اورایسی اشیا اور خدمات تخلیق کرتے ہیں جنکی آپ کے ارد گرد موجود دنیا کو ضرورت ہے اور جو وہ چاہتی ہے۔ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد نے وی کرییٹ سینٹر اور محکمہ خارجہ کے انٹر نیشنل پروگرام کے ساتھ ملکر اسلام آباد میں سامعین سے رابطے کے اس پروگرام کا اہتمام کیا۔ یہ پروگرام دنیا میں امریکی اور بین الا قوامی سامعین سے حکمت عملی اور دیگر مسائل کے بارے میں عوامی سطح پر رابطوں کی امریکی حکومت کی کوششوں کا حصہ ہے۔ پاکستان میں موجود امریکی سفارتخانہ دونوں ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کیلئے، بالخصوص خواتین کو با اختیار بنانے کے پروگرام، انٹر پرنیورشپ ، آرٹس اور کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں کیلئے سالانہ چالیس ملین ڈالر سیزیادہ کی رقم مختص کرتا ہے۔وی کرییٹ پاکستان سینٹر،پاکستان میں کاروباری شعبے سیوابستہ خواتین کی پہلی نرسری کے طور پر انٹرپینورشپ میں صنفی مساوات کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ سابق امریکی سفیر رچرڈ جی اولسن کی جانب سیفروری میں افتتاح کے بعد سے اب تک اس سینٹر کی تربیت ، وسائل اور رہنمائی کی بدولت کاروباری شعبے سیوابستہ خواتین غیر رسمی شعبہ سے رسمی شعبہ کی جانب معاشی اور معاشرتی تبدیلی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔