ایکسین پیسکو کو ضلع بدر کیا جائے ،شوکت علی

ایکسین پیسکو کو ضلع بدر کیا جائے ،شوکت علی

چارسدہ (بیورورپورٹ)ایکسین پیسکو محمد عارف خا ن کو فوری طور پر ضلع بدر کیا جائے۔ چارسدہ کے عوام کو اندھیروں میں رکھنے اور ان کی زندگیوں کو عذاب بنانے کے عوض ایکسین کو ترقی دی گئی ہے ۔پختونوں پر ظلم ، جبر اور ذلیل کرنے والے افسر کو ترقی دیگر غلط روایت قائم کی گئی ہے۔شوکت علی خان ۔ تفصیلات کے مطابق نائب چیئرمین یونین کونسل میرہ پڑانگ شوکت علی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایکسین پیسکو چارسدہ عارف خان نے اپنی تقرری کے بعد افسران بالاء کو خوش کرنے کے لیے چارسدہ کے عوام کو شدید اذیت سے دوچار کیا اور 20گھنٹے غیر قانونی لوڈ شیڈنگ شروع کرکے لاسسز کو پورا کرنے کی کو شش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایکسین عارف خان نے ریکوری اور کنڈوں کے خاتمے کے نام پر چارسدہ کے عوام کو ذلیل کرکے اعلی افسران کو دھوکہ دیا ہے اور اب ایکسین اس کا کریڈٹ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سوفیصد ریکوری کا ہدف حاصل کرنے کے دعویدار ایکسین اب کیوں لوڈ شیڈنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ادارہ پختونوں پر ظلم کرنے اور انہیں ذلیل کرنے والے سرکاری افسران کو ترقی دے کر انتہائی غلط روایت قائم کر رہے ہیں۔ ایسے افسران کو ترقی کی بجائے سز ا دینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب پانی سر سے گزر چکا ہے اور عوام لوڈ شیڈنگ کے خلاف بغاوت پر اُتر آئے ہیں۔انہوں نے ایکسین محمد عارف خان کی ضلع بدری کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ ان کو فوری طور پر ضلع بد ر نہ کیا گیا تو عوام سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاجی کریگی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر